رواں مالی سال چمڑہ مصنوعات کی مجموعی برآمدات میں 3.46فیصد اضافہ

  رواں مالی سال چمڑہ مصنوعات کی مجموعی برآمدات میں 3.46فیصد اضافہ

  

اسلام آباد (اے پی پی) گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی مجموعی برآمدات میں 3.46فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 41کروڑ 29لاکھ 8ہزارڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات سے 39کروڑ 90لاکھ 90ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران برآمدات میں ایک کروڑ 38لاکھ 18ہزار ڈالر یعنی 3.46فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 5.57فیصد کے اضافہ سے برآمدات کی مالیت 21کروڑ 7لاکھ 11ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 22کروڑ 24لاکھ 45ہزارڈالر تک بڑھ گئی جبکہ چمڑے کے دستانوں کی برآمدات بھی 17کروڑ 89لاکھ ایک ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 18کروڑ 15لاکھ 28ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔ مزید برآں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے دس مہینوں کے دوران جوتوں کی برآمدات بھی 7.99فیصد تک بڑھ گئیں۔ پی بی ایس کے مطابق جولائی تا اپریل 2018-19ء کے دوران برآمدات کا حجم 10کروڑ 3لاکھ 3ہزار ڈالر کے مقابلہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران 10کروڑ 84لاکھ 30ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔

مزید :

کامرس -