سندھ حکومت بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کرائے: خرم شیر زمان

سندھ حکومت بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کرائے: خرم شیر زمان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مون سون کے موسم سے پہلے شہر کے تمام برساتی نالوں کی صفائی کروائی جائے۔ اگر شہر کے برساتی نالوں کی صفائی کا عمل جلد شروع نہ کیا گیا تو بارشوں کے دوران شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کریں گی۔ انصاف ہاوس سے جاری کردہ اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی معمول سے زائد بارشوں کے سبب کراچی کا نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا۔اگر تحریک انصاف اپنی مدد آپ کے تحت علاقوں میں نالوں کی صفائی کے لئے مہم نہ چلاتی تو شہر کے حالت مزید خراب ہوتی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے باجود بلدیاتی ادارے غفلت کی نیند سورہے ہیں۔ سندھ حکومت اپنی ازلی نا اہلی کی وجہ سے کوئی کام ڈھنگ سے نہیں کر پاتی۔بارشیں شروع ہوتے ہیں وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات علاقوں کے نمائشی دوروں پر نکل جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بار بارشوں کے دوران شہر قائد کی سڑکیں تالاب اور دریا کا منظرپیش کرتی ہیں۔بارشوں کے دوران اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقوں کانکاسی آب کا نظام بیٹھ جاتا ہے۔ بارشوں سے قبل شہر کی سڑکوں کی کارپیٹنگ اور مرمت کروائی جائے۔ وزیر بلدیات عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ بارشو ں کے دوران شہر میں کشتیاں چلانے کی نوبت نہ آئے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات شہر کراچی کے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور ہنگامی بنیادوں پر برساتی نالوں کو صفائی کو یقینی بنائیں۔

مزید :

صفحہ آخر -