کچھ اسکول حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کررہے ہیں، دولت رام لوہانہ

  کچھ اسکول حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کررہے ہیں، دولت رام لوہانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ اور کنونیئر سب کمیٹی برائے ایجوکیشن و لٹریسی فرحان اقبال نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت سندھ کے واضح احکام کے باوجود کچھ پرائیویٹ اسکولوں کی انتظامیہ طلباء کو ٹیویشن فیس میں 20 فیصد کمی پر عملدرآمد نہیں کر رہی اور مکمل ٹیویشن فیس طلب کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کے نتیجے میں تعلیمی ادارے گزشتہ تین ماہ سے بند پڑے ہیں لہٰذا دیگر صوبوں کی طرح حکومت سندھ نے بھی پرائیویٹ اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ ماہ اپریل اورمئی 2020ء کی ٹیویشن فیس میں ماہانہ 20 فیصد کٹوتی کے ساتھ فیس وصول کریں، اِس بارے میں ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن / رجسٹریشن پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ نے واضح احکام جاری کئے تھے لیکن کچھ پرائیویٹ اسکولوں کی انتظامیہ اِن احکام پر عمل کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں اور پوری ٹیویشن فیس طلب کر رہی ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی اور ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن / رجسٹریشن پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ ایجوکیشن اینڈ لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام پرائیویٹ اسکولوں کی انتظامیہ کو جاری کردہ احکام پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور جو احکام کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جائیں اُن کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -