کیا واقعی سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی ہیں؟ واضح اعلان ہو گیا

کیا واقعی سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی ہیں؟ واضح اعلان ہو گیا
کیا واقعی سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی ہیں؟ واضح اعلان ہو گیا

  

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی انتظامیہ نے آج سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 جون سے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بین الاقوامی آمدورفت کیلئے نہیں کھولا جا رہا اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کسی فیصلے کے بعد اعلان کر دیا جائے گا۔

نجی خبر رساں ادارے جیو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 جون سے کنگ خالد ائیرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت کیلئے نہیں کھولا جارہا۔

ریاض ائیرپورٹ کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر سول ایوی ایشن کے جس خط کی بنیاد پر بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا دعویٰ کیا جارہا ہے وہ صرف سعودی شہریوں کو بیرون ملک سے وطن واپس لانے اور اپنے وطن واپسی کے خواہش مند غیر ملکیوں کیلئے خصوصی پروازوں سے متعلق ہے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب متعلقہ ادارے فیصلہ کرلیں گے تو پھر معمول کی بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث مملکت میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے ساتھ ہی 15 مارچ سے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس دوران مختلف ممالک میں پھنسے سعودی شہریوں کو وطن واپس لانے کیلئے سعودی ائیرلائنز کی جانب سے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں اور غیر ملکی شہریوں کو وطن بھیجنے کیلئے بھی خصوصی پروازو ں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید :

عرب دنیا -