رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 

 رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 
 رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 میرے سرکار کریم حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رحم کرم جودوسخا پیارواخلاص کی کوئی حد ہی نہیں آپ سرکار صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے دنیا میں نفرتوں کے آب و گیاہ صحرا کو محبتوں لطافتوں سے سیراب کردیا دنیا تو مخالفتوں کے بھنور میں تھی انسان خود اپنا ہی دشمن تھا کوئی کسی کا بہی خواہ تھا نہ انسانیت باوقار تھی خود غرضیوں اور حرص و ہوس میں گرے پڑے لوگ زیست کی خستہ اور شکستہ حالی پہ گریہ کناں تھے آہ و زاریاں تھیں ہر آنکھ میں الجھنوں کا موسم ٹھہر چکا تھا خواتین کے ساتھ ہونے والا سلوک ایسا کہ انسان شرما کے رہ جائے ظہور اسلام سے قبل بیٹیوں کو زندہ درگور کرنے کا علم تو سب کو ہوگا لیکن خواتین کو ذلتوں کی جن اتھاہ گہرائیوں میں پھینکا گیا وہ بھی سب جانتے ہیں کہ خواتین کیلئے حقارتیں مدام تھیں۔ باپ کے مرنے کے بعد ماں کو بیٹوں کے عقد میں دے دیا جاتا بیٹیوں کے زندہ درگور کرنے کا وہ واقعہ تو دل چھلنی کر دیتا ہے جس میں باپ بیٹی کو زندہ درگور کرنے کے لیے گڑھا کھود رہا تھا گڑھا کھودتے جب باپ کو پسینہ آگیا تو بیٹی نے بڑھ کر اپنے باپ کا پسینہ پونچھا باپ کے ماتھے پر آیا پسینہ بیٹی سے دیکھا نہ گیا لیکن باپ کے سینے  میں اس وقت پتھر کا دل دھڑک رہا تھا اور آنکھوں پر جہالتوں کی پٹی بندھی تھی کہ اسے بیٹی کا اپنے لئے پیار نظر نہ آیا اس نے پھر بھی بیٹی کو گڑھے میں پھینک کرمٹی ڈالنا شروع کر دی اور بیٹی فریاد کرتی رہی کہ اسے کیوں دبایا جارہا ہے لیکن بیٹی کی فریاد بھی اسکی سماعتوں سے نہ ٹکرائی اگرچہ بعد میں اس پشیمانی نے اسے گھیر لیا اور اس نے  نبی مہربان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت اقدس میں پیش ہو کر سارا واقعہ سناکر بخشش کی راہ پائی لیکن بخشش کا وہ راستہ بھی اللہ کے فضل و کرم سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہی دکھایا آپ سرکار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خواتین کو عزتوں کی رفعتوں پر فائز کردیا بیٹی کو وجہ رحمت بیوی کو گھر کی مالکہ اور ماں کے قدموں تلے جنت رکھ دی اور اسلام نے خواتین کو جو مقام عطا کیا بڑے چھوٹوں کو جن  مرتبوں سے نوازا انسانیت اس کے لئے ترس ترس گئی تھی نبی مکر م ؐ تمام انسانیت کے لئے رحمت بن کر جلوہ افروز ہوئے انسان تو انسان آپ ؐ کی رحمتوں کا سایہ جانوروں کے لئے بھی یکساں تھا کیا چرند پرند حشرات الارض سب جاندار نبی کریم ؐ کی رحمتو ں سے فیض یاب ہوئے مسلم تو مسلم غیر مسلم بھی  آپ ؐ کے حسن اخلاق کے گرویدہ تھے اور  سب نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اخلاقی رفعتوں کابر ملا اعتراف کیا آپ ؐ کے کردار کا یہ عالم کہ مشرکوں نے بھی آپ ؐ کو صادق اور امین مانا۔


ایسی رحیم کریم اور مشفق ہستی کائنات میں آپ ؐ سے پہلے تھی نہ کبھی ہوگی اور ایسی نفیس شخصیت کے خلاف ہرزہ سرائی بھلا کسے منظور ہوگی؟ نہ صرف عالم اسلام بلکہ دنیا کے دوسرے مذاہب کے سرکردہ افراد بھی آپ ؐ کی شفقتوں کے معترف ہیں لیکن ان بد نصیبوں کا کیا کیجئے کہ تعصب جن کے رگ و پے میں سرایت کر چکا ہے۔بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کے حوالے سے جو متنازعہ گفتگو کی اس نے اس بد بخت خاتون کی پست ذہنی اور تعصب کو بھی آشکار کر دیا ہے لیکن ایک وہ خاتون نہیں کہ جس نے شان رسالت ؐمیں گستاخی کرکے  دنیا کے مسلمانوں کے دل گھائل کر دئیے ہیں بھارت کے حکمران اور انتہاء  پسند ہندو بھی ایسے ہی رستوں پر  چل رہیجوراستے نفرتوں اور ہلاکتوں کے راستے ہیں پاکستان  قطر،بحرین۔ عمان، کویت، مصر، سعودی عرب اور طالبان کی طرف سے شدید ردعمل کے بعد بھارتی حکمرانوں کو اندازہ ہو ا کہ وہ کیا کربیٹھے ہیں او آئی سی کی جانب سے بھی شدید مذمت سامنے آئی  ہے۔قطر اور کویت ننے بھارتی سفیروں کو طلب کرکے بی جے پی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور بھارت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مفتی اعظم عمان احمد بن حمد الخلیلی نے بھارتی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ترجمان کا یہ اقدام ہر مسلمان کے خلاف ہے، اس پر مشرق سے مغرب تک تمام مسلمانوں کو ایک ہونا چاہیے پاکستان میں بھی حکمران جماعتوں سمیت دیگر نے بھی یک زبان ہو کر متنازعہ گفتگو پر آواز بلند کی ہے پاک فوج بھی اس گستاخی پر سراپا احتجاج ہے گستاخانہ بیان پر خود بھار تی شہروں میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی جبکہ عرب ممالک میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم بھی چل پڑی۔

بھارت میں احتجاج پر بھارتی تنگ نظری دیکھئے کہ بھارتی  پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے 1500 سے زائد مسلمان شہریوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا اورمتعدد افرادکو گر فتا ر کر لیا گیا ہے بھارت میں تو مسلمانوں پر پہلے ہی عرصہ حیات تنگ کیا گیاہے مسلمانوں کے املاک کو نقصان پہنچانا جائدایں چھیننا مسلم خواتین کی عصمت دری اور مسلمانوں کو سرعام قتل کیا جارہا ہے ایسے میں متنازعہ بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے مسلمان اور بھی زیر عتاب آگئے ہیں لیکن ایسی اوچھی حرکتوں سے بھارت کا اپنا ہی چہرہ داغدار ہورہا ہے اسلام تو دوسرے مذاہب کے پیشواؤں اور معبدوں کے احترام کا درس دیتا ہے لیکن بھارت میں اسلام اور پاکستان دشمنی بارہا دنیا پر آشکار ہوئی ہے لیکن اس بار بھارت کی جانب سے مسلمانوں کے جذبوں پر کاری ضرب لگائی گئی ہے دنیا کے مسلم حکمران اس بیان سے تڑپ اٹھے ہیں اگر دنیا کے مسلم حکمران متحد ہوجائیں تو دنیا کی کوئی طاقت نہ تو مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کرے نہ کسی کو ایسی حماقت کی جرات ہو۔ سرکار کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے مقام و مرتبے کا ادراک انسانی عقل نہیں کرسکتی اور عقل کے اندھے؟وہ تو ہمیشہ نامراد رہیں گے۔

مزید :

رائے -کالم -