اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کردی ۔
نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز" کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کی شکایت پر سماعت ہوئی،عمران خان نے ٹرائل کورٹ کارروائی کیخلاف درخواست دائر کررکھی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث عدالت کے سامنے پیش ہوئے،الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل امجد پرویز پیش ہوئے۔
خواجہ حارث نے آئندہ ہفتے تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کردی، وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کوروک رکھا ہے،اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں،عدالت ٹرائل کورٹ کوکارروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لینے کی استدعا کردی ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ عدالت سٹے ختم کرکے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک سکتی ہے،عدالت سے سٹے ختم کرنے کی استدعا ہے۔
وکیل خواجہ حارث نے کہاکہ میں نے ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق بھی درخواست دائر کررکھی ہے،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ 6 ہفتے تک کا وقت دیا گیا تھاابھی تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی رکی ہوئی ہے،عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کردی ۔