ادب کی کہانی ۔۔۔۔ فنون لطیفہ کی واحد شاخ جس میں جذبات اور احساسات کا اظہار تحریری شکل میں ملتا ہے

1۔ ادب کیا ہے ؟
2۔ ادب کیوں پڑھنا چاہیے ؟
3۔ ادب پڑھنے کا طریقہ کیا ہے ؟
1۔ ادب کیا ہے ؟
وہ تحریر جس میں جذبہ اور تخیل شامل ہو ادب کہلاتا ہے ۔ ادب فرد واحد کے احساسات ، جذبات ، خیالات اور مشاہدات کا مؤثر تحریری اظہار ہے ۔
فرد واحد کیوں کہا ؟
فرد واحد اس لیے کہا کہ ادب فنون لطیفہ کی ایک شاخ ہے ۔ اور فنون لطیفہ میں صرف ایک فرد ہی اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرتا ہے ۔
فنون لطیفہ سے کیا مراد ہے ؟
وہ فنون جو براہ راست انسان کو فائدہ نہ دے لیکن اس کے لیے خوشی اور مسرت کا باعث بنے ۔ جیسے مصوری ، سنگ تراشی ، موسیقی ، رقص اور شاعری ۔ فنون لطیفہ میں انسان اپنے جذبات اور احساسات کی عکاسی کرتا ہے ۔ فنون لطیفہ انتہائی ضروری ہوتے ہیں لیکن ہم اس کو غیر ضروری سمجھتے ہیں ۔ انسانی جذبات اور احساسات کو سمجھنے کے لیے فنون لطیفہ کا مطالعہ کرنا انتہائی ضروری ہے ۔
ادب کا شمار کن فنون میں ہوتا ہے ؟
ادب فنون لطیفہ کی ایک شاخ ہے ۔ فنون لطیفہ کا تعلق انسانی جذبات اور احساسات سے ہیں ۔ ادب فنون لطیفہ کی واحد شاخ ہے جس میں جذبات اور احساسات کا اظہار تحریری شکل میں ہوتا ہے ۔ جب کہ دیگر فنون لطیفہ کے لیے رنگ ، پتھر وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔
ادب ایک علم ہے ؟
ادب تفریح اور مسرت کا ذریعہ ہے ۔ ادب فرد کی ذاتی کہانی ہے ۔ یہ کہہ کر ادب کے قد کو کم نہیں کیا جاسکتا ۔ اور نہ ہی ادب کو محدود کیا جا سکتا ہے ۔ بلکہ ادب ایک علم ہے ۔ ادب کے اپنے سانچے اور اصناف ہیں ۔ ہر علم کی طرح ادب کے اپنے اصول و ضوابط ہوتے ہیں ۔ ادب ایک ایسا علم ہے جو کسی ایک علم سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ بہت سے علوم سے تعلق رکھتا ہے ۔ یعنی ادب کے طالب علم کو بہت سی چیزوں کا علم ہونا ضروری ہے ۔ اکثر ادب کے طالب علم کو ادب پڑھتے ہوئے مذہب ، فلسفہ ، تصوف ، تاریخ اور نفسیات کا مطالعہ کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ ادب کے حوالے سے ان تمام علوم کا مطالعہ کرنا ہوگا کہ ادب میں یہ علوم کیا ہے ۔
2۔ ادب کیوں پڑھنا چاہیے ؟
ادب پڑھنا صرف ادب کے طالب علم کے لیے ضروری نہیں بلکہ ادب کا مطالعہ ہر انسان کے لیے ضروری ہے جو جذبہ اور احساس رکھتا ہو ۔ کیوں کہ ادب میں انسان کے جذبات اور احساسات کی عکاسی ہوتی ہے ۔
زندگی کا مقصد کیا ہے ؟
اس زندگی کا مقصد غور و فکر کرنا ہے ۔ یعنی اپنے ارد گرد غور و فکر کر کے حقیقت معلوم کرنا ہے ۔ کہ میں کیا ہوں ؟ یہ کائنات کیا ہے ؟ اللہ کیا ہے ؟ ان تمام چیزوں کی حقیقت معلوم کرنا زندگی کا مقصد ہے ۔ جب کہ ادب احساسات اور جذبات کے ذریعے ان چیزوں کی حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے ۔
3۔ ادب کیسے پڑھا جائے ؟
ادب پڑھنے کے لیے سب سے پہلے ادب کو سمجھنا چاہیئے کہ ادب کیا ہے ؟ ادب پڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنے اندر ایک ادبی مزاج پیدا کیا جائے وہ مزاج جو ادب کو سمجھنے میں ہماری مدد کریں ۔ اپنے اندر ذوق سلیم کو پیدا کیا جائے ۔ ادب کے اصناف کو سمجھنا چاہیے ۔ ادب کو دو بڑے اصناف میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔ ایک شعری اصناف ایک نثری اصناف ۔ شاعری منظوم ہوتی ہے جب کہ نثر منشور ہوتی ہے ۔
ذوق سلیم سے کیا مراد ہے ؟
ذوق سلیم ایک ایسی کیفیت و صلاحیت کا نام ہے جو ادب کو پڑھنے اور سمجھنے میں مدد کرتا ہے ۔ جب ادب کا طالب علم کوئی ادبی فن پارہ پڑھنے کے بعد لطف محسوس کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ذوق سلیم اس کے اندر موجود ہے ۔ اور اگر لطف محسوس نہیں کرتا تو اس کا مطلب ہے کہ ذوق سلیم موجود نہیں ۔
ادب پڑھنے کے لیے ذوق سلیم انتہائی ضروری ہے ۔ زیادہ سے زیادہ مطالعہ کرنے سے ذوق سلیم کو بہتر کیا جا سکتا ہے ۔