ایئر پورٹ پر ظاہری زخم نہ ہونے کے باوجود وہیل چیئر سروس لینے والے مسافر کی تلاشی، ایسی چیز برآمد کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے نئی دہلی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وہیل چیئر پر سوار ایک شخص کو اس کے جوتوں میں چھپایا گیا 1.13 کروڑ روپے کا سونا سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم جس کا تعلق اتر پردیش کے بلند شہر سے ہے، کو دبئی سے آنے کے بعد کسٹم حکام نے ایئر پورٹ پر روکا تھا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ مسافر کی عمر بیس کی دہائی کے اواخر میں ہے۔ اس نے کوئی واضح زخم نہ ہونے کے باوجود ہوائی اڈے سے وہیل چیئر سروس لی۔
انہوں نے کہا کہ اس کی تفصیلی تلاش کے نتیجے میں پیسٹ کی شکل میں 2.15 کلو گرام سونا برآمد ہوا جس کی قیمت 1.13 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ اس نے یہ سونا اپنے جوتوں میں چھپا رکھا تھا۔دبئی میں کام کرنے والے مسافر کو کچھ ٹریول ایجنٹس نے سفری ٹکٹوں کے بدلے سونا سمگل کرنے کا لالچ دیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 'مسافرتقریباً دو سال کے بعد گھر آ رہا تھا، اسے سونا لے جانے کے لیے دبئی سے دہلی کے لیے ہوائی ٹکٹ کی پیشکش کی گئی۔ یہاں تک کہ کسٹم حکام کو چکمہ دینے کے لیے وہیل چیئر استعمال کرنے کا خیال بھی ٹریول ایجنٹس نے ہی تجویز کیا تھا۔ مسافر کو گرفتار کر کے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔