گیم کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر اکٹھا کرنے کا الزام، مائیکرو سافٹ نے بھاری جرمانہ دینے کی ہامی بھرلی

گیم کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر اکٹھا کرنے کا الزام، مائیکرو ...
گیم کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر اکٹھا کرنے کا الزام، مائیکرو سافٹ نے بھاری جرمانہ دینے کی ہامی بھرلی
سورس: Representational Image

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)بل گیٹس کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ اپنے ایکس باکس پر ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر اکٹھا کرنے کے الزامات میں تصفیے کے طور پر 2کروڑ ڈالر (تقریباً 5ارب 74کروڑ روپے) جرمانہ ادا کرنے پر رضامند ہو گئی۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق امریکہ کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) کی طرف سے مائیکروسافٹ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنے ڈیجیٹل کنسول ایکس باکس پر گیمز کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر اپنے پاس محفوظ کرتی رہی۔ 

ایف ٹی سی کی طرف سے الزام میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے کمپنی کے لیے بچوں کے والدین کی اجازت لینا لازمی تھا، جو کہ نہیں لی گئی اور والدین کو مطلع کیے بغیر کمپنی ان کے بچوں کا ڈیٹا اکٹھا کرتی رہی، چنانچہ کمپنی اس غیرقانونی اقدام کے ذریعے ایف ٹی سی کے بچوں سے متعلق آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔

مائیکروسافٹ کارپوریٹ کے ایکس باکس شعبے کے نائب صدر ڈیومک کارتھی نے ایک بلاگ میں اس حوالے سے بتایا ہے کہ کمپنی بچوں کی عمر کی تصدیق کے سلسلے میں اب اضافی اقدامات کر رہی ہے۔ اب یقینی بنایا جائے گا کہ ایکس باکس کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل میں بچوں کے والدین کو بھی شامل کیا جائے۔رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ اور ایف ٹی سی کے مابین 2کروڑ ڈالر جرمانے کا تصفیہ ماورائے عدالت ہوا ہے، جس پر عملدرآمد کے لیے عدالت کی منظوری درکار ہو گی۔