مغربی ممالک نے ایرانی ایٹمی پروگرام کو خطرہ قرار دیدیا
لندن/تہران/روس (این این آئی) مغربی ممالک نے ایک بار پھر ایران کے ایٹمی پروگرام کو عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیدیا۔برطانیہ کے سفیر مارک لائل گرانٹ نے سلامتی کونسل کے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی رپورٹ سے ظاہر ہوتاہے کہ ایران یورینیم کو افزودہ کرنے کی اپنی صلاحیت کو مسلسل بڑھا رہا ہے جبکہ 180 جدید سینٹی فیوجز بھی نصب کر لئے ہیں اس طرح کے اقدامات ایٹمی ایجنسی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ ایران نے یورینیم کو بیس فیصد تک افزودہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے اور وہ اس میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ یہ یورینیم اس کی موجودہ ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔ ادھر ایران کا کہنا ہے کہ ان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لئے ہیں اور اس سے بجلی پیدا کی جائے گی۔
روس کے سفیر نے معاملہ سلجھانے کے سیاسی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔