یونین کونسل 107کے رہائشی مسائل کے خلاف بلبلا اٹھے

یونین کونسل 107کے رہائشی مسائل کے خلاف بلبلا اٹھے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (بابر بھٹی/انوسٹی گیشن سیل) یونین کونسل 107کے رہائشی اپنے بندگٹروں اور بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، چوری ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف بلبلا اٹھے، سیاستدانوں اور عوامی نمائندوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق رحمانپورہ یونین کونسل نمبر 07میں واقع علاقہ قاضی سٹریٹ کے رہائشی لوگوں نے ترقیاتی اور دیگر مسائل کے خلاف سخت احتجاج کیا جس میں تنویر احمد نے بتایا کہ پورے شہر میں صفائی کا انتظام اس جگہ نظر آتا ہے جہاں سے بڑے آفیسر کا گزر ہو اور جہاں ہم جیسے غریب لوگ رہتے ہیں اس جگہ ایک ماہ صرف ایک دن ہی صفائی ہوتی ہے وہ بھی اگر کوئی علاقہ کا فرد واسا یا سینٹری والوں کے پاس جائے کہ آج ہمارے گھر میں شادی ہے یا کوئی فوت ہوگیا ہے آج آکر صفائی کردو اس کیلئے بھی سرکاری ملازمین ”چائے پانی“ مانگتے ہیں۔ جو کہ صفائی کرانے والے کی مجبوری ہوتی ہے اور اس کو دینا ہی پڑتا ہے۔ محمد الیاس نے بتایا کہ یہاں کا سیوریج کافی پرانا ہوگیا ہے اور واسا والوں کا کہنا ہے کہ اس علاقہ کا سیوریج اندر سے ٹوٹ گیا ہے جس کی وجہ سے بار بار بند ہوجاتا ہے اس کو نیا ڈلوائیں ہماری جان نہ کھائیں۔ محمد الیاس نے بتایا کہ پینے کے پانی سے گٹر کا گندا پانی بھی شامل ہوجاتا ہے اور اس کی وجہ سے علاقہ کے بچے اور بوڑھے بیمار ہوجاتے ہیں کچھ کو تو سنگین بیماریاں بھی لاحق ہوچکی ہیں۔ پینے کا پانی ہمارے علاقے میں تقریباً نایاب ہوچکا ہے۔ محمد عاصم نے بتایا ہے کہ بارش کے دنوں میں تو یہاں دو دو دن پانی کھڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے ہمارے رشتے دار بھی ہمارے گھر آنا پسند نہیں کرتے۔ چند روز قبل ہونے والی بارش میں میرے کزن کی بیوی پانی کی وجہ سے گر گئی اور اس کی کمر میں شدید چوٹ آئی۔ وہ معذرت کرتے ہوئے ہمارے گھر آنے کی بجائے واپس اپنے گھر چلے گئے اور ہم لوگوں کو شدید شرمندگی اٹھانا پڑی۔ نوید احمد نے بتایا ہے کہ ملک کا اللہ ہی حافظ ہوچکا ہے اب ہم بھی کیا کریں۔ ووٹ مانگنے آتے ہیں تو اس وقت قرآن مجید پر بھی حلف دیتے ہیں اور بعد میں ان کی شکل بھی نظر نہیں آتی۔ وسیم عباس نے سٹریٹ لائٹ کی طرف توجہ دلواتے ہوئے بتایا کہ یہاں سٹریٹ لائٹ جو بھی لگی ہیں وہ محلے داروں نے اپنی مدد آپ کے تحت لگوائیں ہیں۔ پہلے بھی سرکاری سطح پر لگی تھیں اس کے بعد آج تک اس علاقہ میں کوئی بھی سرکاری ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ احمد وسیم نے بتایا کہ سڑکیں میاں اسلم اقبال ایم پی اے کے دور میں بنی تھیں۔ اس کے بعد آج تک کوئی بھی ایم پی اے یا عوامی نمائندہ نظر نہیں آیا۔ سلطان احمد نے بتایا کہ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور سیوریج کی بندش سے نمازی حضرات کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ جامع مسجد کے سامنے ہی گٹر کا گندا پانی کھڑا رہتا ہے اور اس میں سے نمازیوں کو گزرنا پڑتا ہے۔ عابد جاوید نے بتایا کہ ہمارے عوامی نمائندوں کو اپنے ناموں کی تختیاں لگوانے کا بہت شوق ہے اور ایک تختی پر کوئی 2درجن کے قریب ان کے نام لگے ہوئے ہیں ان کو دیکھے ہوئے عرصہ گزر چکا ہے۔