لہسن کا روزانہ استعمال جسم کیلئے بے حد مفیدہے ،ماہرین

لہسن کا روزانہ استعمال جسم کیلئے بے حد مفیدہے ،ماہرین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر) گرم خشک تاثیر کا حامل لہسن غذا سے زیادہ دوا کے طور پر استعمال کیا جا تا ہے،اس میں نمکیات، فولاد، وٹامن اے، ایچ، اور سی پائے جاتے ہیں‘دماغ کو تقویت دینے، معدے اور آنتوں کی رطوبتیں خشک کرنے اور جسم کو گرمی دینے کے لیے اس کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ اِن خیالات کا اظہار حکیم انقلاب طبی کونسل پاکستان کے ماہرین غذائیت پروفیسر حکیم محمد شفیع طالب قادری، پروفیسر حکیم ثناءاللہ حلاج، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض، حکیم محمد افضل میو، حکیم غلام فرید میراور دیگر نے کیا ۔انہوں نے بتایا کہ رعشہ اور لقوہ جیسی تکالیف اسے کھانے سے دور ہو جاتی ہیں۔ یہ خون صاف کرتا ہے اور نیا خون بھی پیدا کرتا ہے۔ ریاحی امراض اور اپھارہ کے لیے اسے گھی میں بھون کر کھاتے ہیں۔ ورم کو تحلیل کرنے اور جلد کو صاف کرنے کے لیے اسے باریک پیس کر پھوڑوں پر لگایا جاتا ہے۔ بچھو کے کاٹے پر اسے کوٹ کر باندہیں یا اس کا پانی لگائیں تو شفا ہو جا تی ہے۔ یہ خون کی رگیں کشادہ کر کے بلڈ پریشر کم کرتا ہے۔ خون میں جمنے کی صلاحیت گھٹا کر اسے پتلا کر دیتا ہے۔ اس طرح دل کے دورے کا خطرہ کم ہو جا تا ہے۔ یہ خون میں کولیسٹرول کم کر تا ہے۔ ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔ نظام مدافعت کو چوکس رکھتا ہے۔ لہسن میں موجود وٹامن اے، سی اور ای کے باعث اس کے استعمال سے شریانیں سخت نہیں ہوتیں اور قلب محفوظ رہتا ہے۔ یہ پیٹ کے کیڑے اور مضر صحت جراثیم کو ہلاک کر تا ہے ۔ پھیپھڑے کے زخم اور تب دق کے لیے نہایت مفید ہے۔