چیل فضا میں اٹھکیلیاں کرتے درختوں میں پھنس گئی ، ریسکیو 1122نے آزاد کرادیا
لاہور (جنرل رپورٹر) باغ جناح میں بہار کی آمد کا مزہ لینے کے لئے فضا میں اٹھکیلیاں کرنے والی چیل کو پرواز میں اٹھکیلیاں مہنگی پڑ گئیں ایسا کرتے ہوئے چیل باغ جناح درختوں میں ڈور کے گنجلوں میں پھنس گئی جسے ڈور کے گنجلوں سے آزاد کرانے کے لئے ریسکیو 1122کی ٹیم کو آپریشن کرنا پڑا اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد پھنسی ہوئی چیل کو آزاد کراکر اس کی زندگی بچالی گئی اور بعد ازاں ریسکیو 1122نے چیل کو زخمی حالت میں ویٹرنری ہسپتال داخل کرایا جہاں چیل کا بایاں پیر شدید زخمی پایا گیا جس کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے فضا میں اڑتی ہوئی ایک چیل باغ جناح کے درختوں میں ڈور کے گنجلوں میں پھنس گئی چیل کی آہ پکار سن کر شہریوں نے ریسکیو 1122کو مدد کے لئے کال کی ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچی تو الیکٹرک زینا کی مدد سے چیل تک پہنچ کر اسے گنجلوں سے نجات دلائی۔ اس موقع پر چیل کا ایک پیر زخمی پایا گیا جس پر اسے طبی امداد کے لئے ویٹرنری ہسپتال منتقل کردیا گیاریسکیو آپریشن کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد یہ آپریشن دیکھتی رہی اس موقع پر شہریوں نے ریسکیو 1122کے جذبے اور ڈیوٹی کو سراہا۔