ہمدرد فاﺅنڈیشن اور روزنامہ پاکستان کے زیر اہتمام ہونہار طلباءو طالبات کا دورہ ہمدرد فیکٹری

ہمدرد فاﺅنڈیشن اور روزنامہ پاکستان کے زیر اہتمام ہونہار طلباءو طالبات کا ...

لاہور(عوامی رپورٹر) ہمدرد فاﺅنڈیشن پاکستان اور روزنامہ پاکستان ©کے زیر اہتمام لاہور کے مختلف اسکولز کے ہونہار طلباءو طالبات نے صدر ہمدرد فاﺅنڈیشن سعدیہ راشد اور چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی کے ہمراہ ہمدرد فیکٹری کوٹ لکھپت کادورہ کیا۔یہ دورہ بے حد دلچسپ اور معلوماتی ثابت ہوا بچوں نے فیکٹری کے مختلف شعبوں کانہایت سرگرمی اوراشتیاق سے جائزہ لیا۔اس دورے کے دوران منیجر فیکٹری رحم الٰہی نے بچوں کو مفید معلومات فراہم کیں ۔بچوں کو اُنکے پسندیدہ مشروب کی تیاری سے تکمیل اور تیار مال کی روانگی تک کے بارے میں تفصیلات بتائیں ۔ بچوں کو بتایا گیا کہ صبح سویرے تازہ پھلوں کا ٹرک فروٹ منڈی سے لیکر منہ اندھیرے فیکٹری پہنچتا ہے ۔جہاں حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق صاف کیا جاتا ہے گلے سڑے اور باسی پھل خریدے نہیں جاتے کیونکہ معیار ہر قیمت پر مدِنظر رکھا جاتا ہے ۔انگور، سیب ،انار کے علاوہ گاجر ،کھیرا،کدو،پیٹھا،دھنیا،پودینہ اور پالک جیسی ہری ہری سبزیاں بھی ایک خاص مقدار میں طے شدہ فارمولے کے تحت عرق روح افزاءمیں شامل کی جاتی ہے اورمکمل طور پر حفظانِ صحت کے اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک خاص طریقہ کے ذریعے ویسلز کی مدد سے پھل سبزیاں اور دیگر مفردات شامل کئے جاتے ہیں جسکا عرق کشید ہوتا ہے یہ عرق روح افزاءایک جزو خاص ہے ۔اسی طرح دیگر عرقیات جن میں عرق گلاب کا خالص عرق ،کاسنی کا عرق اور اسی طرح کیوڑہ دیگر عرقیات بھی روح افزاءکے جزو ہیں ۔بچوں کو بتایا گیا کہ پاکستان میں پاکستان میں روح افزاءادارہ¿ ہمدرد کے سائے تلے انسان دوست شخصیت شہید حکیم محمد سعید کے ہاتھوں لگایا جانے والا وہ پودا ہے جو اب تناور درخت بن کر اندرون اور بیرون ملک ان گنت صارفین سے دادو تحسین وصول کر رہا ہے پاکستانیوں کی پروڈکٹ ہونے پر ہم پاکستانی اس پر فخر کر سکتے ہیں ۔شہید حکیم محمد سعید کے ہاتھوں سے لگائے جانے والے ان پودوں کی آبیاری اب اُنکی صاحبزادی اور صدر ہمدرد فاﺅنڈیشن پاکستان سعدیہ راشد عزم وہمت سے کر رہی ہیں ۔لاہور میں روح افزاءفیکٹری کا قیام 1984ءمیں عمل میں آیا کل کی نونہال آج کی متولیہ¿ ہمدرد فاطمة الزہرا نے اپنے ننھے منے ہاتھوں سے اپنے ناناشہید حکیم محمد سعید اور اُنکے رفقاءکی موجودگی میں اس فیکٹری کا افتتاح کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1