کراچی ،کوئٹہ حالات سے نمٹنے کےلئے سیاسی ، عسکری قیادت میں مشورے

کراچی ،کوئٹہ حالات سے نمٹنے کےلئے سیاسی ، عسکری قیادت میں مشورے

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی اے) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت گزشتہ روز کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، بالخصوص کوئٹہ اور کراچی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے بعدازاں جنرل اشفاق پرویز کیانی اور صدر مملکت آصف زرداری کی بھی ملاقات ہوئی جبکہ صدر زرداری سے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناءجائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل خالد شمیم وائیں نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں عسکری و سیاسی قیادت نے کراچی اور کوئٹہ کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بدامنی کے سدباب کے لئے مشورے کئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں خطے بالخصوص کوئٹہ اور کراچی کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی درخواست پر آئندہ عام انتخابات میںپولنگ اسٹیشنوں پرفوج کی تعیناتی ، پاک افغان بارڈر کی صورتحال سمیت دیگرمعاملات کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاک فوج کے مختلف سطحوں پر جوانوں کے استعداد کار میں اضافے کے لئے جاری پروگراموں پر غور کیا گیا جبکہ کراچی میں امن عامہ کی صورتحال اور پاک فوج کے کردار بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار اور رینجرز کی کارکردگی مزید فعال بنانے سے متعلقہ اقدامات بھی زیر غور آئے۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ساتھ سکیورٹی کے لئے فوج کی خدمات کی فراہمی پر بھی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر ہونے والے حالیہ واقعات، پاک افغان بارڈر کی صورتحال اور امریکہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری تعاون سمیت ایساف فورسز کی واپسی کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں خطے بالخصوص کوئٹہ اور کراچی کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس پر بھی تفصیلی غور و خوض ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر زرداری سے جنرل اشفاق کیانی نے ملاقات کے دوران کور کمانڈر کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صدر کو بتایا کہ کانفرنس میں خطے بالخصوص کوئٹہ اور کراچی کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ علاوہ ازیں صدر سے جنرل خالد شمیم وائیں نے ملاقات کی۔ سیاسی و عسکری قیادت نے موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

سیاسی عسکری مشورے

مزید : صفحہ اول