یونین کونسل 12چودھری کالونی میں جابجا گندگی کے ڈھیر اور بجلی کی لٹکتی تاریں ، مکین سراپا احتجاج
لاہور( احسن حسن+فوٹو ذیشان منیر) بادامی باغ کے علاقہ یونین کونسل 12چودھری کالونی امین روڈ کے کلین جگہ جگہ گندگی کوڑے کے ڈھیر اور کے باعث سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور سیاسی نمائندوں کے خلاف بلبلا اٹھے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی مکاﺅ مہم کا آغاز تو کر دیا گیا ۔مگر مختلف علاقوں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کے باعث کیا ڈینگی مکاﺅ مہم کامیاب ہو سکے ہیںاس بارے میں گذشتہ روز”پاکستان“کی ٹیم کی جانب سے ایک خصوصی سروے کیا گیا ۔ سروے میں لوگوں کا کہنا تھا کہ یہاں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں کئی کئی روز گزرنے کے باوجود بھی کوڑے کے ڈھیروں کو اٹھانے انتظامیہ کی طرف سے کوئی نہیں آتا کئی کئی روز کوڑا پڑے رہتے ہے تعفن پھیلتاہے سانس لینا مشکل ہو جاتاہے راحیل ، ندیم اور خلیل کاکہناتھاکہ گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش بھی اضافہ ہوتا جارہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوڑے کے ڈھیروں کو اٹھانا تو ورکنار آج تک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہاں مچھر مار سپرے ہی نہیں کیا گیا۔ رضوان، عمران اور اشفاق نے” پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گندگی اور غلاظت کے مسائل کے ساتھ ساتھ ایک اور بڑا مسئلہ یہاں گلیوں میں لٹکتی ہوئی بجلی کی تاریں ہیں جو کسی بھی وقت بڑے مسئلہ کا باعث بن سکتی ہیں انتظامیہ کو اس سنگین مسئلہ سے کئی بارآگاہ کیا گیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ ماضی میں کئی مرتبہ ان لٹکتی تاروں کے باعث کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں۔ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقہ کے مسائل پر فوری طور پر خصوصی توجہ دی جائے۔