فیروزوالہ ڈاکوؤں نے نوجوان کو تعاقب کرنے پرقتل کر دیا
فیروز والا (نمائندہ پاکستان) لاہور نارووال روڈ پر (نارنگ) کے قریب شہریوں اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجہ میں دو ڈاکو مارے گئے اور ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے ایک نوجوان سے موٹرسائیکل چھین لی اور فرار ہو گئے ۔واقعے کی اطلاع ملنے پر گاؤں والوں نے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا۔ ڈاکوؤں نے قصبہ ڈالہ واہگر (نارنگ) کے قریب چھینی موٹرسائیکل پھینک دی اور پیدل فرار ہوگئے۔ کھیت میں کام کرنے والے 16 سالہ نوجوان سحر عرف سحری نے تعاقب کرکے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوؤں نے اسے گولی مارکر شدید زخمی کردیا۔ شہریوں نے تعاقب کرکے فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کو مار ڈالا۔ زخمی نوجوان سحر عرف سحری کو ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل فیروز والا احسان الہٰی کھوکھر اور ایس ایچ او نارنگ چودھری شرافت علی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ جنہوں نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی نعشوں کو قبضہ میں لے لیا۔ ڈی ایس پی فیروز والا احسان الہٰی کھوکھر اور ایس ایچ او نارنگ چودھری شرافت علی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے نام قیصر اور عصمت بتائے گئے ہیں۔ جو مریدکے کے رہنے والے تھے، پولیس نے اس بار میں ریکارڈ اکٹھا کرنے شروع کردئیے ہیں۔ ڈی پی او شیخوپورہ ہمایوں بشیر تارڑ نے شہریوں کو شاباش دی، پولیس نارنگ مصروف تفتیش ہے۔