پاکستانی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی میں پہلے سے بڑھ کر کردار ادا کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور (پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی یوم حقوق نسواں کے موقع پر ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہوگا کہ حقوق نسواں کیلئے اپنی مذہبی ، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں گے۔ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیر ترقی کی منزلیں طے نہیں کرسکتا۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور عالمی برادری میں باوقار ملک بنانے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کی سیاسی اور عملی میدان میں مو¿ثر شمولیت یقینی بنائی جائے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری ملازمتوں میں نہ صرف خواتین کے کوٹے میں 15 فیصداضافہ کیا گیا ہے بلکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے پہلی بار میاں اور بیوی کو سرکاری سکیم کے تحت ملنے والی رہائشی اراضی کے مشترکہ مالکانہ حقوق دیئے ہیں۔ اس اقدام سے خواتین کو جائیداد میں برابر کا حصہ دار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے یونیورسٹیز اور کالجز بنائے گئے ہیں جبکہ خواتین کی بڑی تعداد لیپ ٹاپ سکیم، اجالا پروگرام، انٹرن شپ پروگرام اور خود روزگار سکیم سے مستفید ہو رہی ہے