دہشت گردی جنگ بندی کے اعلان کو مشکوک بنا رہی ہیں، آفتاب شیرپاﺅ
اسلام آباد (آئی این پی) قومی وطن پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد شیرپاﺅ نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے باوجود دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں جنگ بندی کے اعلان کو مشکوک بنا رہی ہیں، مذاکراتی عمل کو خفیہ رکھنا اچھا اقدام ہے تاہم حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کو وقتاً فوقتاً مذاکرات سے آگاہ کرے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاﺅ نے کہا کہ مذاکراتی عمل کے باوجود مسلسل دہشت گردی نے طالبان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کو مشکوک بنا دیا ہے۔ عوام دہشت گردی اور بد امنی سے تنگ آ چکے ہیں حکومت مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ ایک سوال کے جواب میں آفتاب احمد شیرپاﺅ نے کہا کہ طالبان سے جاری مذاکراتی عمل کو صیغہ راز میں رکھنا اچھا حکومتی اقدام ہے تاہم حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے وقتاً فوقتاً آگاہ کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس امر کو یقینی بنائے کہ طالبان سے جاری مذاکراتی عمل مزید کسی قسم کی تاخیر کا شکار نہ ہو کیونکہ عوام پہلے ہی دہشت گردی سے تنگ آ چکے ہیں اور مذاکرات میں تاخیر عوام کو مزید مایوسی کا شکار کر دے گی
آفتاب شیرپاﺅ