تھر میں قحط سالی، پاک فوج نے فوری طور پر ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا
کراچی /راولپنڈی (آئی این پی )وزیراعظم کی ہدایت پر پاک فوج نے تھر میں فوری طور پر ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستے تھر کے مختلف علاقوں میں روانہ ہوگئے ۔ یہ دستے وہاں پہنچ کر متاثرین میں خشک خوراک، صاف پینے کا پانی ، بچوں کا دودھ، ڈرائی فروٹ دیگر غذائی اشیاءتقسیم کریں گے جبکہ پاک فوج کی مختلف کور کی میڈیکل ٹیمیں بھی تھر روانہ ہوگئی ہیں۔ ان ٹیموں میں مرد وخواتین ڈاکٹرز شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں تھر کے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائیں گی اور بچوں کا علاج کرنے کے علاوہ مفت دوائیں بھی تقسیم کریں گے۔