سپریم کورٹ پارکنگ میں سور کے بچے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں، شکار نہ کر سکے
اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ کی پارکنگ میں سور کے بچے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں‘ بیسیوں پولیس اہلکار بھی سور کا شکار کھیلنے میں ناکام ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 10 بجکر20 منٹ پر سپریم کورٹ کی پارکنگ میں ایک سور کا بچہ گھس آیا جس پر پولیس اہلکاروں سمیت پارکنگ میں موجود نجی ٹی وی چینلوں کے کیمرہ مینوں کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس والوں نے اپنی طرف سے پوری طرح اسے شکار کرنے کی کوشش کی لیکن سور کا بچہ چکمہ دے کر شاہراہ دستور کی طرف جا نکلا اور دوڑتا ہوا ریڈیو پاکستان کی عمارت کی طرف بھاگ گیا وہاں پر بھی ناکے پر موجود پولیس اہلکار اس کا شکار کرنے میں ناکام رہے۔ اس دوران کئی گاڑیاں بھی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئیں۔ بعدازاں سپریم کورٹ میں تعینات پولیس حکام نے پارکنگ اور دیگر جگہوں کا معائنہ کیا اور میڈیا کو بتایا کہ یہ سور ایوان صدر کی عقبی جانب سے سپریم کورٹ پارکنگ میں داخل ہوا تھا۔ آخری خبریں آنے تک سور کے بچے کا شکار نہ کیا جاسکا اور نہ ہی اسے کوئی قابو کرسکا بالآخر سور کا بچہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سور کا بچہ