خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی پنجاب اسمبلی میں خواتین ”خوار“ ہوتی رہیں
لاہور(نمائندہ خصوصی ) خواتین کے عالمی دن کے موقع پرپنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں خواتین کے حقوق سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی تاہم اِس موقع پر بھی خواتین خوار ہوگئیں اور مختلف محکموں کے اہلکاروں کی خوشامد پر مجبور رہیں۔ خواتین کی بہتری اور معاشرے میں اہم مقام دینے کے لئے بل کی منظوری کے موقع پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا جس حکومت نے مختلف شعبوں میں کام کرنیوالی ماہرین ،NGOS کی نمائندہ اور دیگر خواتین کی کارکردگی دکھانے کے لئے اسمبلی میں مدعو کیا۔ کیفے ٹیریامیں صرف 120 خواتین مہمانوں کے لئے اتنظامات کئے گئے اور سیکیورٹی کو بھی انہی خواتین کے ناموں کی فہرست پیش کی گئی جبکہ کثیر تعدادمیں خواتین اسمبلی کے اردگردموجود تھیں، اندر باہر جانے کے لئے خواتین سیکیورٹی اہلکاروں کے ’ترلے ‘کرتی رہیںجبکہ مہمان خواتین کو مدعو کرنیوالی رکن صبا صادق غائب ہوگئیں۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں صوبائی وزیررانا ثناءاللہ نے خواتین کے حقوق سے متعلق قرارداد پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیاتاہم اِس موقع پر بھی اراکین اسمبلی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہواجنہیں ڈپٹی سپیکر نے کارروائی حذف کرادیا۔