دہشت گردی نفرتوں کا اظہار ہے:جسٹس فائز عیسیٰ
لاہور(نامہ نگار خصوصی)چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی ازخود کوئی چیز نہیں ہے، یہ نفرتوں کے اظہار کی عکاسی کرتی ہے۔پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں زیر تربیت سول ججز سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ نفرتوں کے بیج ہم نے خود بوئے ہوئے ہیں، بطور سول ججزآپ سب کو اپنے دل سے نفرتیں نکالناہوںگی اور ایک منصف کے طور پر فرائض سرانجام دینا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ فوری انصاف وقت کی ضرورت ہے، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، انہوں نے کہا جب میں بطور وکیل عدالتوں میں پیش ہوا کرتا تھا تو کئی جج صاحبان خاموش بیٹھے رہتے تھے جس سے لگتا تھا کہ انہیں متعلقہ قانون کا نہیں پتہ۔سول ججز کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وکلا اور سائلین کو زیادہ سے زیادہ سنیں کیونکہ وکلا اور سائلین کے سوالات سے ججز میں بھی شعور پیدا ہوتا ہے اور ان کے وقار میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جج صاحبان خود کو طالب علم سمجھیں تو انکے فیصلوں میں بھی نکھار آئےگا۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی ایک بنیادی تعریف عدل بھی ہے۔اس موقع پرلاہورہائیکورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی سہیل عبدالناصر بھی موجود تھے۔