بچوں کی بہترین تربیت چاہتے ہیں تو اس ایک بات پر ضرور توجہ دیں
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) بچوں سے اظہار محبت کے لئے اور ان کی کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں رقم اور انعامات دینا معمول کی بات ہے مگر ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ والدین کا یہ رویہ بچوں میں مادہ پرستی اور خود غرضی کے جذبات پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔
امریکا میں یونیورسٹی آف میسوری کے ماہرین عمرانیات نے 701 افراد پر تحقیق کی جس میں یہ معلوم کیا گیا کہ والدین کی طرف سے مالی اور مادی انعامات دئیے جانے کے بچوں کے رویے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق کاروں کو معلوم ہوا کہ جن بچوں کو محبت کے اظہار کے طور پر رقم، مہنگے تحائف اور انعامات ملتے ہیں ان میں بڑے ہونے پر مادی اشیاءکی محبت بڑھتی جاتی ہے اور وہ زندگی کو مالی اور مادی فوائد کے حصول کی مہم سمجھتے ہیں۔ یہ بچے جب جوان ہوتے ہیں تو ان میں مہنگی اشیاءخریدنے یا کسی بھی طریقے سے حاصل کرنے کا رویہ دیگر بچوں کی نسبت زیادہ نظر آتا ہے اور ان میں خود غرضی کا رویہ بھی نسبتاً زیادہ پایا گیا ہے۔
انڈہ پہلے آیا یا مرغی ، پراسرارسوال کا جواب مل گیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کی حوصلہ افزائی ضرور کریں لیکن تحائف اور انعامات کو ان کی زندگی کا بنیادی اور اہم حصہ نہ بنائیں کیونکہ اس صورت میں ان کے لئے مادی اشیاءکو اکٹھا کرنا ہی سب سے اہم مقصد بن جائے گا۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے جرنل آف کنزیومر ریسرچ میں ”مٹیریل پیرنٹنگ“ کے عنوان سے شائع کی گئی ہے۔