ریاضی تمام علوم کی ماں ہے جس کا اطلاق دیگر تمام شعبوں میں ہوتاہے،ڈاکٹرحسن صہیب
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈٹیکنالوجی لاہورمیں خالص اورعملی ریاضی پرپہلی قومی کانفرنس کاانعقادہوا جس میں ملک کی معروف درسگاہوں جس میں پنجاب یونیورسٹی،لاہورسکول آف اکنامکس، جی سی یونیورسٹی لاہور،جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، ایف سی کالج، قرشی یونیورسٹی، فاسٹ،بے نظیر بھٹو یونیورسٹی پشاور، سرگودھا یونیورسٹی،یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب ، آزاد جموں کشمیریونیورسٹی،سی آئی آئی ٹی،یوای ٹی، کامسیٹس ودیگراداروں سے اساتذہ، پروفیسرز،طلبہ ، فیکلٹی ممبران اورمحقیقن نے اپنے مقالہ جات پیشکئے۔ کانفرنس کاافتتاح ریکٹریوایم ٹی ڈاکٹرحسن صہیب مراد نے ہائر ایجوکیشن پنجاب کے چیئرمین محمد نظام الدین کے ہمراہ کیا اس موقع پر یوایم ٹی کے سکول آف سائنس اینڈٹیکنالوجی کے ڈین ڈاکٹر عبدالعزیز بھٹی، کانفرنس کے کنونیئرڈاکٹرمحمد شوکت چوہدری و دیگر موجود تھے ریکٹر یوایم ٹی ڈاکٹرحسن صہیب مراد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاضی تمام علوم کی ماں ہے جس کا اطلاق دیگر تمام شعبوں میں ہوتاہے،مقداری ریسرچ میں نئے ٹرینڈ پیداہوچکے ہیں جن سے باخبر ہوناضروری ہوگیاہے۔ انہوں نے مسلمان ریاضی دانو ں کے کارناموں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریاضی کے میدان میں الخوارزمی، ثابت بن قرح،ابوکامل،الجایانی ودیگر نے کلیدی کرداراداکیا اور دوصدیوں تک اس علم کاپرچارکیا اورقیادت کی۔ڈاکٹرحسن نے مزیدکہا کہ یوایم ٹی تمام علوم کے ماہرین پیداکررہی ہے جن میں سائنس وٹیکنالوجی،مینیجمنٹ اوربزنس کی فیلڈخاص طورپرشامل ہے۔