کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستان کی مسلسل تیسری فتح ،طاقتور حریف جنوبی افریقہ کو ہرا دیا ،ملک بھر میں جشن

کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستان کی مسلسل تیسری فتح ،طاقتور حریف جنوبی افریقہ کو ہرا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 آکلینڈ(افضل افتخار سے) نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 29 رنز سے شکست دے دی۔پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 222 رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس کے تحت جنوبی افریقہ کو 232 رنز بنانے تھے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم جواب میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سرفرا ز شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس 49رنز کے ساتھ 6کیچ لیکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ،فتح کے ساتھ ہی پاکستان اپنے پول میں تیسرے نمبر پر آگیا ،جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز ہی تھے جنھوں نے پاکستان کو پریشان کیا۔ڈی ویلییرز نے بھارت کے سچن ٹنڈولکر کا ورلڈ کپ میچوں میں 1000 رنز کا ریکارڈ صرف بیس میچوں میں برابر کردیا ہے۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل خان نے ایک مگر ڈی ویلیئرز کی اہم وکٹ حاصل کی۔محمد عرفان نے دوسری گیند ہی پر ڈی کوک کو آؤٹ کیا۔ ڈی کوک اس ورلڈ کپ میں اب تک اچھی بیٹنگ نہیں کر پائے ہیں۔پاکستان کو دوسری کامیابی 67 کے مجموعی سکور پر ملی جب راحت علی نے ڈو پلیسی کو 27 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔ہاشم آملہ نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 26 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سٹین نے دس اوورز میں 30 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں پاکستان کو جلد ہی ایک اور وکٹ ملی جب وہاب ریاض نے روسو کو صرف چھ رنز پر آؤٹ کیا۔راحت علی نے ملر کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔جنوبی افریقہ کو ایک اور نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد عرفان کی گیند پر ڈومینی کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کا کیچ وہاب ریاض نے پکڑا۔محمد عرفان نے تیسری وکٹ اس وقت حاصل کی جب سٹین 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ایبٹ جو پراعتماد بیٹنگ کر رہے تھے کو راحت علی نے 12 رنز پر آؤٹ کیا۔ یونس خان نے سلِپ میں شاندار کیچ پکڑا۔ڈی ویلیئرز نے سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 58 گیندوں میں 77 رنز بنائے۔ ان کو سہیل خان نے آؤٹ کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔پاکستان 47 ویں اوور میں 222 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔پہلے 37ویں اوور اور پھر 41 ویں اوور میں میں بارش کے باعث میچ روکا گیا۔ جس کے باعث میچ 47 اوورز کا کر دیا گیا۔شاہد آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں اپنے آٹھ ہزار رنز مکمل کر لیے۔مصباح الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں اپنے 5000 روز مکمل کر لیے ہیں۔ مصباح نے 73 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے احمد شہزاد کو آؤٹ کر دیا۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 30 رنز تھا جو موجودہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین اوپننگ پارٹنرشپ تھے۔ اس سے پہلے پاکستان کی سب سے بہترین اوپننگ پارٹنرشپ 11 رنز کی تھی۔مصباح الحق نے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں اپنے 5000 روز مکمل کیے جنوبی افریقہ نے ابتدائی اوروں میں کامیابی نہ ملنے دو اطراف سے فاسٹ بولروں کو ہٹا کر اپنے دونوں سپنروں، عمران طاہر اور جے پی ڈومنی کو بولنگ کے لیے بلایا ہے۔پاکستانی بیٹسمینوں سپنروں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھل کر شاٹس کھیلے۔ سرفراز احمد نے جے پی ڈومنی کے ایک اوور میں تین چھکے لگائے۔ سرفراز احمد ایک تیز رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے۔پاکستان نے اپنی تیسری وکٹ 27ویں اوور میں اس وقت گنوائی جب یونس خان 37 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔صہیب اچھا نہ کھیل سکے اور 16 گیندوں میں آٹھ رنز سکور کر کے ایبٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔عمر اکمل پاور پلے کے دوران 20 گیندوں میں صرف 13 رنز بنا کر مورکل کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔شاہد آفریدی نے 15 گیندوں میں 22 رنز سکور کیے اور اس کے ساتھ انھوں نے ایک روزہ میچوں میں اپنے آٹھ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔وہاب ریاض پہلی گیند ہی پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ان کو عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 85 گیندوں میں 56 رنز سکور کیے۔ ان کو سٹین نے آؤٹ کیا۔راحت علی صرف ایک رن بنا کر سٹین کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔سہیل خان تین رنز بنا کر مورکل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سٹین نے تین جبکہ ایبٹ اور مورکل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ ناصر جمشید کو ڈراپ کر کے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو بطور اوپنر کھیلانے کا فیصلہ کیاگیا۔ اس کے علاوہ حارث سہیل ان فٹ ہونے کی وجہ یونس خان کو ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔جنوبی افریقہ نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور بہاردین کی جے پی ڈومنی کو ٹیم میں دوبارہ جگہ دی ہے، صدرمملکت ممنون حسین نے قومی کرکٹ ٹیم میں ورلڈ کپ کے اہم میچ میں کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں کامیابی پر مبارکباد کے اپنے تہنیتی پیغام میں صدرمملکت نے توقع ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنے آنے والے میچوں میں ایسے ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار رکھے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے کرکٹ میچ میں شاندار فتح پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان مصباح الحق اور پوری ٹیم کو اس کامیابی پرمبارکباد پیش کی اور کہا کہ بہترین فیلڈنگ اور شاندار وکٹ کیپنگ اور بہتر بیٹنگ نے پاکستان کی ٹیم کی فتح کی راہ ہموار کی، تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آج سے 23سال پہلے پاکستان کا سلو آغاز ہواتھا پھر ہم ورلڈ کپ جیتے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خواہش ہے اسی طرح مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے ،جنوبی افریقہ مضبوط ٹیم ہے اور ان کے خلاف پاکستان کا جیتنا ضروری تھا ،جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو ہرا نابڑی کامیابی ہے ،سب پاکستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور دعا کہ مصباح کی قیادت میں ٹیم اچھا کھیلے ۔

میچ

لاہور،کراچی ،اسلام آباد ، فیصل آباد، پشاور(آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کی عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کیخلاف بڑی کامیابی ملک بھر میں جشن، شائقین کرکٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کی زبردست پرفارمنس پر ڈھول کی تھاپ پر رقص اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ہونے والے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ میں پاکستان کی زبردست فتح پر شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی قومی ٹیم کی پوزیشن مضبوط دیکھتے ہی ملک بھر میں شائقین کرکٹ نے گھروں سے نکل کر بڑی سکرینوں کا رخ کردیا اور قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور ، کراچی ، فیصل آباد ، پشاور ملتان سمیت ملک بھر میں فتح کا جشن منایا گیا لوگ ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارکبادیں دیتے رہے فون پر رشتہ داروں کو بھی مبارکباد دیتے رہے اور مٹھائیوں کی دکانوں پر بھی کافی رش نظر آیا لوگ مٹھائیاں خرید کر ایک دوسرے کو کھلاتے رہے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے اسلام آباد کی تمام بڑی مارکیٹوں میں بڑی سکرینوں پر شائقین کرکٹ نے بارش میں بھی میچ کا خوب لطف اٹھایا لاہور اور کراچی میں بھی شائقین کرکٹ نجی ہوٹلوں پر بڑی سکرینوں پر میچ سے لطف اندوز ہوتے رہے اور سرفراز کی زبردست پرفارمنس پر اہل محلہ سرفراز کے گھر کے باہر پہنچ گئے اور سرفراز کے حق میں نعرے لگاتے اور بھنگڑے ڈالتے رہے فیصل آباد میں بھی شائقین کرکٹ نے میچ سے خوب لطف اٹھایا اور جیت کا خوب جشن منایا

مزید :

صفحہ اول -