پاک بھارت مذاکرات کا خیر مقدم ،سفارتی رابطہ علاقائی امن کیلئے سود مند ہے ،امریکہ

پاک بھارت مذاکرات کا خیر مقدم ،سفارتی رابطہ علاقائی امن کیلئے سود مند ہے ...

  

 واشنگٹن(اے این این) امریکہ نے پاک بھارت خارجہ سیکرٹری مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتی رابطہ، باہمی اور علاقائی امن کے لیے سودمند ہے،جنوبی ایشیا میں دونوں ملکوں کو تعاون پر مبنی تعلقات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ایسے عمل سے خطے کے امن کو فروغ ملے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے سیکرٹری خارجہ ملاقات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں دونوں ملکوں کو تعاون پر مبنی تعلقات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ نے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے اجرا کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ پاکستان اور بھارت عملی تعاون سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں۔پاک بھارت سفارتی رابطہ، باہمی اور علاقائی امن کے لیے سودمند ہے۔ اس کا نہ صرف دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا بلکہ ایسے عمل سے خطے کے امن کو فروغ ملے گا۔ میری ہارف نے کہا کہ امریکہ سفارتی روابط کے حق میں ہے، اور ہمیشہ اِن کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔اس سے انکار نہیں کہ باہمی تعاون اچھی چیز ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال اگست میں بھارت کی طرف سے خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کو یکطرفہ طور پر منسوخ کیے جانے کے بعد، یہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلا اعلی سفارتی رابطہ تھا۔ مذاکرات کی منسوخی کے بعد، پاکستان کا اصرار رہا کہ دو طرفہ مذاکرات بھارت نے منسوخ کیے؛ لہذا، بحالی میں وہی پہل کرے۔گزشتہ ماہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ٹیلی فون پر بات چیت میں بتایا تھا کہ ان کے نئے سیکرٹری خارجہ سارک ممالک کا دورہ کر رہے ہیں، جس دوران، وہ پاکستان بھی آئیں گے۔پاکستان اور بھارت کے اعلی سفارت کاروں کے درمیان یہ بات چیت ایسے وقت ہوئی، جب دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر فائرنگ کے واقعات کے باعث تعلقات خاصے کشیدہ خیال کیے جا رہے تھے۔

مزید :

علاقائی -