شکست عمران کا مقدر ہے ،بالا آخر انہیں ذلت اور رسوائی کا سامنا ہو گا ،ایاز صادق

شکست عمران کا مقدر ہے ،بالا آخر انہیں ذلت اور رسوائی کا سامنا ہو گا ،ایاز ...

  

چکوال ( آئی این پی ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حلقہ این اے122کا عوامی مینڈیٹ میرے پاس ہے،عمران خان جوں جوں میرے خلاف درخواستیں دیتے ہیں ، ہر گنتی میں میرے ووٹ بڑھ جاتے ہیں ، عمران خان اب اگر میرا بلڈ ٹیسٹ ، سٹی سکین، بائیو میٹرک تصدیق اور ایم آر آئی بھی کروانا چاہتے ہیں تو میں حاضر ہوں، شکست پھر بھی عمران خان کا ہی مقدر ہے ، بالآخر انہیں انہیں ذلت اور رسوائی کا سامنا ہوگا۔ وہ ہفتہ کو کٹاس راج ضلع چکوال میں تیس رہائشی کمروں کے ایک بڑے کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ تقریب کی صدارت چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کی جبکہ تقریب سے وزیر مملکت مذہبی امور امین الحسنات، بھارتی ہائی کمشنر سی راگوان، رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال اور اظہر سلہری نے خطاب کیا۔سردار ایاز صادق سپیکر نے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہوچکی ہے ۔ آج امن اور محبت کا پیغام ہندوؤں کے مقدس مقام کٹاس راج سے بھی دیا جا رہا ہے کہ پاکستان سب کا ہے اور یہاں پر بسنے والے ہر مذہب اور مسلک کے لوگ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر معین مسعود، قائم مقام ڈی سی او میڈم شریں ناز، اسسٹنٹ کمشنر چوآسیدنشاہ ثمینہ سیف نیازی، ایم پی اے مہوش سلطانہ، چیئرمین پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، سابق اقلیتی ضلع کونسلر روندر کمار اور چکوال میں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید :

علاقائی -