ہارس اینڈ کیٹل شو کے تیسرے روز زندہ دلان لاہور کی بھرپور شرکت

ہارس اینڈ کیٹل شو کے تیسرے روز زندہ دلان لاہور کی بھرپور شرکت

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ)نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے تیسرے روز شام کی تقریبات کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان تھے۔ بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر پنجاب حکومت کے اعلی افسران بھی تھے۔مہمان خصوصی کی آمد کے فوری بعد سانحہ پشاور کے شہید بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے امن ٹیبلو اور نغمے پیش کئے گئے جس میں شہید بچوں کے حقیقی بہن بھائیوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شہید بچوں کے والدین بھی موجودتھے۔آرمی بینڈ پنجاب،رینجربینڈاور کیمل بینڈ نے مسحورکن دھنیں بجائیں اور نظم و ضبط کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔مشکل حالات میں آگے بڑھنے کے جذبوں کی ترجمانی کرتے ہوئے نیزہ بازوں نے رات کے وقت بہترین کھیل پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔رینجرز کے نوجوانوں کی مشعل پریڈاور مختلف فارمیشن کے ذریعے منظرکشی اور آتش بازی اپنی مثال آپ تھے۔ہارس اینڈ کیٹل شو کی تقریبات دیکھنے والے شہریوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد پنجاب حکومت کا عوام کو بہترین تحفہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل حالات میں سرخرو ہو کر نکلنا جانتی ہے اور انشاء اللہ پوری قوم متحد ہو کردہشت گردوں کو ہر قیمت پر شکست دے گی۔اس موقع پر مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کوایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا نے ہارس اینڈ کیٹل شو کا سووینئرپیش کیا مہمان خصوصی کومحکمہ تعلقات عامہ کی طرف سے تصویری البم بھی پیش کی گئی۔

مزید :

صفحہ آخر -