انٹرا پارٹی الیکشن و ممبر شپ مہم کیلئے عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس

انٹرا پارٹی الیکشن و ممبر شپ مہم کیلئے عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن و ممبر شپ مہم کیلئے عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے لاہور شہر کے مختلف ٹاؤنز سے اہم رہنماؤں نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی مضبوط تنظیم سے اس پارٹی کی عوامی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گا سیاسی مخالفین بے پرکی اڑا کر پی ٹی آئی کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہیں ، عمران خان سے خوفزدہ سیاسی پنڈتوں کو علم ہے کہ 2018کے الیکشن میں عوام موجودہ حکمرانوں کو دوبارہ گھاس نہیں ڈالیں گے ،عبدالعلیم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تمام توانائیاں زیادہ سے زیادہ ممبر شپ یقینی بنانے کیلئے صرف کریں اور عمران خان کا ملک گیر تبدیلی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔تاکہ گراس روٹ لیول سے تحریک انصاف کی تنظیم نو کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں گذشتہ تین برسوں میں پی ٹی آئی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انشا ء اللہ آئندہ بھی سیاسی مخالفین کو ٹف ٹائم دینگے عبدالعلیم خان نے لاہور کینٹ اور شالیمار ٹاؤن کے امیدواران چئیرمین و وائس چئیرمین اور آئی ٹی ایف کے اجلاسوں کی صدارت کی اور انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے لاہور شہر کی سیاست میں نیا ٹرینڈ دیا ہے جس کا سہرہ عبدالعلیم خا ن کے سر ہے جن کی متحرک قیادت کے باعث پی پی147کی صوبائی اسمبلی کی نشست بھی پی ٹی آئی نے جیتی اس موقع پر محمد علی خان ،چوہدری اخلاق حسین ،رشید احمد ،راجہ شہزاد حسین ،محمد تیمور اختر ،نزاقت علی ،الیاس علی بھٹی ،محمد احسان محمود بٹ ،فیصل حاکم بھٹی ،چوہدری محمد اکبر گجر ،شاہد سردار،ارشادمحمود خان ،شیخ بشارت علی اور چوہدری اختر علی بھی موجود تھے جبکہ دیگر مقررین نے بھی پی ٹی آئی کی پارٹی ممبر شپ اور انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے اظہار خیال کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1