جنرل ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈزفراہم کئے جائیں گے،ڈاکٹر خالد

جنرل ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈزفراہم کئے جائیں ...

لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود نے نرسنگ ہاسٹل لاہور جنرل ہسپتال میں ضروری تعمیر و مرمت سمیت دیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے شعبہ ورکس کے انچارج کو 3ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے جتنے بھی فنڈز درکار ہوں گے، وہ ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموارکو کمیٹی روم میں نرسنگ ہاسٹل کے معاملات اور سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں میڈیکل سپریٹنڈنٹ جنرل ہسپتال کیپٹن(ر) نیاز احمد، پرنسپل نرسنگ پرنسپل رئیسہ اشتیاق، ڈپٹی چیف نرسنگ سپریٹنڈنٹ فرحت محبوب سمیت انتظامی ڈاکٹرز و دیگر بھی موجود تھے۔چیف ایگزیکٹو ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس شعبہ سے وابستہ معاشرے کی بیٹیاں وقت کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کے علاج معالجہ اور ان کی دیکھ بھال کے فرائض ، جس نیک نیتی، خلوص کے ساتھ سر انجام دے رہی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔ایسے مریض ، جن کو بعض اوقات ان کے اپنے عزیز و اقارب بھی بوجھ سمجھتے ہیں، ان کی جس طرح سے دیکھ بھال نرسیں کرتی ہیں،اس کا کسی طور پر بھی کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا۔ وہ نرسیں جو انسانیت کی خدمت کے مشن پر فوکس کئے ہوئے ہیں، ان نرسز کے قیام، طعام سمیت یگر سہو لیات کو بہتر سے بہتر بنانا ہمارا فرض ہے۔ جسکو ہم سب نے پورا کرنا ہے۔ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ فوری طور پر نرسنگ ہاسٹل لاہور جنرل ہسپتال کے معاملات کوفوری طور پر درست کر لیا جائے۔ ہاسٹل کے وہ مقامات جہاں فوری طور پر تعمیر و مرمت ضروری ہے ، وہ کروائی جائے جبکہ ہاسٹل میں دیگر بنیادی ضروریات کو فقدان بھی کسی صورت نہیں ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں جتنے بھی فنڈز خرچ ہوں گے وہ فوری طور پر فراہم کئے جائیں گے۔ انہو ں نے واضح کیا کہ سیکورٹی کے معاملات اور صفائی پر پر کسی قسم کی کوتاہی نا قابل برداشت ہو گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1