شہداکے مشن کی تکمیل تک کشمیری قوم کی مبنی برحق جدوجہد جاری رہے گی

شہداکے مشن کی تکمیل تک کشمیری قوم کی مبنی برحق جدوجہد جاری رہے گی

سری نگر(کے پی آئی) مقبوجہ کشمیر کی حریت پسند قیادت نے کہا ہے کہ شہداکے مشن کی تکمیل تک کشمیری قوم کی مبنی برحق جدوجہد جاری رہے گی ۔خطے میں جو غیر یقینی صورتحال جاری ہے وہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر ختم نہیں ہوسکتی ۔ترال میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں شہید 3عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت اور پسماندگان سے تعزیت پرسی کرنے کیلئے حریت (ع)،لبریشن فرنٹ ، پیپلز پولٹیکل فرنٹ، مسلم کانفرنس، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس، محاذ آزادی، ینگ مینز لیگ، سالویشن مومنٹ،نیشنل فرنٹ، پیپلز لیگ وفودترال گئے اور عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے رواں مزاحمتی تحریک میں دی گئی قربانیوں کی حفاظت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت کانفرنس ع نے رواں تحریکی مزاحمت میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو اس تحریک کا گرانقدر اثاثہ قرار دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو اس پورے خطے کے امن کیلئے بنیادی کلید قرار دیا ہے ۔ حریت قائدین محمد مصدق عادل ، مختار احمد وازہ، غلام نبی زکی، عبدالمجید وانی، جعفر کشمیری اور انجینئر فیاض نے لری بل ،ڈاڈہ سرہ،اور اونتی پورہ ترال جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور شہداکو شاندار الفاظ میں خرا ج عقیدت پیش کیا۔اس موقعہ پر حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے تینوں شہداکے لواحقین کے ساتھ ٹیلی فون کے ذریعہ اپنی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداکی قربانیوں کو تحریک مزاحمت کا انمول سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ شہیدوں کا مقدس خون اس تحریک کی رگوں میں حرارت بن کر دوڑ رہا ہے اور ان شہداکے مشن کی تکمیل تک کشمیری قوم کی مبنی برحق جدوجہد جاری رہے گی ۔

شہداکی یاد میں تعزیتی اجتماعات سے خطاب کے دوران حریت قائدین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کو زیادہ دیر تک سرد خانے میں نہیں ڈالا جاسکتا کیونکہ اس مسئلہ کی موجودگی سے اس پورے خطے میں جو غیر یقینی صورتحال جاری ہے وہ اس مسئلہ کو حل کئے بغیر ختم نہیں ہوسکتی ۔ لبریشن فرنٹ کے دووفود جن میں نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی، زونل صدر نورمحمد کلوال ،نائب آرگنائز سراج الدین میر ،زونل جنرل سیکریڑی شیخ عبدالرشید ،قائد ظہور احمد بٹ ، زونل آرگنائز بشیر احمد کشمیری ،صدر ضلع سرینگر شوکت احمد ڈار،قائد پروفیسر جاوید ، زونل سیکریٹری فاروق احمد ڈار،غلام محمد ڈار،غلام رسول ہزاری اور نذیر احمد وغیرہ شامل تھے ،نے ترال اور بارہمولہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ترال جانے والے وفد نے اسحاق احمد پرے،آصف احمد میر اور عاشق حسین کے گھروں پر جاکر لواحقین کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔ تعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہاکہ ہمارے یہ معصوم بھارتی تشدد کا شکار ہورہے ہیں کیونکہ بھارت کی پر تشدد کاروائیاں، جوانوں کو پشت بہ دیوار کرکے تہہ تیغ کرنے کی پایسا ں اور آوازِخلق کو بزورطاقت دبانے کے ہتھکنڈے اور آمرانہ طرزعمل نے ہر قسم کی سیاسی اور پرامن مکانیت (جگہ) کو مسدودکررکھاہے۔قائدین نے کہاکہ معصوم اور مقدس جوانوں کے لہو سے سیراب تحریک آزادی کوکسی بھی صورت میں کمزور نہیں ہونے دیا جائے گااور کشمیری ان شہادتوں اور قربانیوں کے امین بن کر تحریک آزادی کو اس کی حقیقی منزل تک پہنچاکرہی دم لیں گے۔بارہمولہ میں فرنٹ وفد نے 2013میں جاں بحق کئے ا سکالر رسول صوفی کی برسی پر منعقدہ مجلس میں شرکت کی اور مرحون کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔پیپلز فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل کی قیادت میں ایک وفد، جس میں جنرل سیکریٹری عبدالمجید وانی اورمیر غلام حسن شامل تھے، نے ڈاڈسرترال،لرہ بل ترال اورچرسواونتی پورہ جاکر بالترتیب محمد آصف میر، محمد اسحاق پرے اور عاشق حسین بٹ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت،ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مصدق عادل نے تینوں مقامات پر شہداکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداکی قربانیاں مظلوم و محکوم اہل کشمیر کے لئے سرمایہ حیات ہے اور یہ ہماری ملی و قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس سرمایہ حیات کی قدر اور اسکی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہاکہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ اِن بے بدل و بیش بہا قربانیوں کا تحفظ تب تک ممکن نہیں جب تک اہل کشمیر جہدِ مسلسل،باہم اعتماد اور اتحاد کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں۔ مصدق عادل نے حریت لیڈران شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد حان کی گرفتاری کی مذمت کی۔ ادھر حریت (جے کے) کے لیڈران مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے محمد اقبال میر،انٹر نیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور ،منظور احمد ،ماسٹر مقبول نے ترال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومِ کشمیر کے یہ مایہ ناز سپوت اپنے پاک لہو سے ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ،ان کی قربانی لازوال ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک مزاحمت کے عظیم کاروان سفر کا ایک سنہری باب جس پر زندہ قومیں بجا طور پر فخر کرسکتی ہیں کیونکہ قوم کشمیر کے یہ باغیرت بیٹے اپنی عظیم قربانیوں سے جس عنوان آزادی کو رقم کر کرہے ہیں وہ بجا طور تحریک آزادی کا سرمایہ افتخار ہے جسکی حفاظت کی ذمہ داری کشمیری قوم کے باحوصلہ اور باکردار جوانوں نے اپنے ذمہ لی ہوئی ہے ۔ اس دوران سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے پارٹی کارکنوں بشمول شعبہ خواتین کی سیکریٹری رقیہ باجی ، راتھرمعراج الدین ، مولوی رفیق ، جاوید احمد ، بیگ اعجاز کے ہمراہ عاشق حسین بٹ چرسو اونتی پورہ ، محمد اسحاق پرے لرہ بل ترال اورعاصف احمد ڈاڈسرہ ترال کے گھر جاکرپسماندن کی ڈھارس بندھائی ۔ ظفر بٹ نے کہاکہ حریت پسند عوام شہداکشمیر کی عظیم قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں ہونے دینگے اور رواں جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہچانے کیلئے جوش و جذبے کے ساتھ کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے بھارتی حکومت اور ہندنواز سیاسی جماعتوں کو کشمیر میں ہورہی نسل کشی کیلے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیر یوں کی نسل کشی، تناسب آبادی کو ختم کرنا چاہتی ہے۔نیشنل فرنٹ کا ایک اوراعلی سطحی وفد، جس میں عبدالحمید ،محمد الطاف ،معراج الدین خان،منظور احمد ،فیاض احمد ،غلام محمد اور دیگر ارکان شامل تھے نے لواحقین کو یقین دلایا کہ ان قربانیوں کی ہر صورت میں حفاظت کی جائے گی۔ پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری ،ماسٹر عبدالرشید اور محمد شفیع نے لواحقین کی ڈھارس بندھاتے ہوئے تعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جملہ شداکی عظیم اور لامثال قربانیوں کی بدولت جاری تحریک آزادی انتہائی قیمتی بن گئی ہے ۔ خان سوپوری نے کہاکہ بھارت اور اس کے خیر خواہ مقدس تحریک آزادی کو زک پہنچانے کیلئے ہر سطح پر متحرک ہوگئے ہیں ۔

مزید : عالمی منظر