حکومت پنجاب کا ’’یوم پاکستان‘‘ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ

حکومت پنجاب کا ’’یوم پاکستان‘‘ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی)حکومت پنجاب’’ یوم پاکستان‘‘ کو بھرپور جوش و جذبے سے منائے گی اور اس سلسلے میں معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے مختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے پوری قوم بالخصوص نئی نسل میں قرارداد لاہور کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے ’’تقریبات یوم پاکستان‘‘ کے انتظامات کے حوالے سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم نے ’’یوم پاکستان‘‘ کے حوالے سے سرکاری محکموں کی تیاریوں اور مختلف غیر سرکاری اداروں و تنظیموں کے ساتھ اشتراک عمل کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ان تقریبات میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان میں حب الوطنی کے جذبات کو فروغ مل سکے۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے آگاہ کیا کہ ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے عوام الناس کو یوم پاکستان کی اہمیت سے روشناس کروانے کیلئے ایک ہمہ جہت پروگرام مرتب کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں قرارداد لاہور کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کیلئے ایک لیکچر سیریز کا انعقاد شروع ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں قرارداد لاہور پر خصوصی نشستوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ان تقریبات میں نسل نو کو بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی خاطر طلبا و طالبات کے مابین تقریری، مصوری اور ملی نغموں کے انعامی مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کے زیر اہتمام نمائش کتب میں بھی نظریۂ پاکستان ٹرسٹ بھرپور حصہ لے گا۔ اجلاس کے دوران مختلف سرکاری محکموں کے حکام نے یوم پاکستان منانے کے سلسلے میں اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس ہمایوں شیخ، سیکرٹری آرکائیوز احمد رضا سرور، ڈی جی سپورٹس عثمان انور،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر حسن عامر شاہ‘قائم مقام وائس چانسلر لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی ڈاکٹر عظمیٰ قریشی،رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر لیاقت علی، ڈپٹی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نعمان جمیل، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی سی بی احمد علی، سیکرٹری پی ٹی سی بی شکیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز الحمرا آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی، ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن محمد طارق قریشی، عابد شیروانی، میاں جاوید احمد، ڈین لاہور گیریژن یونیورسٹی محمد طاہر، ڈاکٹر محمد عمر سلیم، راؤ ماجد علی، پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، آمنہ رفیق ، ناصر بشیر، ملک عاصم اعوان، چوہدری عدنان گجر، محکمہ تعلیم سمیت دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے عہدیداران اور معروف پبلشرز نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -