محکمہ جیل حکام کی من مانیاں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی تعیناتی کا طریقہ کار پس پشت ڈال دیا

محکمہ جیل حکام کی من مانیاں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی تعیناتی کا طریقہ کار پس پشت ...

 لاہور(محمد یونس باٹھ) محکمہ جیل خانہ جات کے اعلیٰ حکام نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل کے عہدے کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کی غرض سے بھجوائے جانے والے اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹس جیل کے ناموں کے حوالے سے میرٹ ،قوائد و ضوابط اور طریقہ کار کی دھجیاں اڑادیں ۔30کی بجائے پسند نہ پسند کی بنیاد پر 10افسروں کی فہرست ارسال کر دی جو سینیارٹی میں آخری نمبروں پر آتے ہیں اس پر ستم ظریقی یہ کہ تمام طریقہ کار کو پس پشت ڈال اعلیٰ حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی گئی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل کے عہدے پر پروموشن کے لیے دس اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹس کا کورس 7مارچ سے نیشنل اکیڈمی فار پریزنز ایڈمنسٹریشن میں شروع کروا نا تھااس وقت پروموشن کوٹہ کی بہت سی آسامیاں خالی پڑی ہیں پروموشن قانون کے مطابق پروموشن کے لیے ایک آسامی کے لیے تین کوالیفائیڈ امیدواروں کا ہونا ضروری ہے تاہم اس وقت ان خالی اسامیوں کے لیے 30امیدواروں کو پروموشن کورس کروانا ضروری تھا جسے نظر انداز کیا گیا۔ امیدواروں کو پروموشن کورس پر بھجواتے وقت میرٹ کا خیال نہیں رکھا گیا من پسند اور جونیئر امیدواروں کو کورس پر بھجوایا گیا ہے جبکہ میرٹ کے مطابق سینئر امیدواروں کو بھیجا جانا تھا ۔آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر سے جاری ہونے والے لیٹر نمبر 12206-16مورخہ 4 مارچ کے مطابق دس اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹس کو پروموشن کورس کے لیے نامزد کیا گیا ہے جن میں محمد اکرم ،عمران نوید اشرف ،مظہر اقبال اسلم ،ناصر نواز م،غلام محی الدین ،فرحان احسن نقوی ،مصطفی احمد ،کاشف عبدالرحمن ،نصار سرور ،آصف ممتاز شامل ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق جن اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹس کو میرٹ کلیئر ہونے کے باوجود نظر انداز کیا گیا ان میں محمد سلیم ،سیف اللہ خان ،سہیل گل ،اسد طارق ،کاشف رسول خالد ،محبوب احمد ملک شامل ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ قانون کے مطابق پروموشن کرواتے وقت یا ڈی پیسی کرتے وقت سینئرٹی لسٹ پر عمل درآمد کرواناچاہئے، کسی سرکاری ملازم کو محض اس بنیاد پر پروموشن کورس پر جانے سے نہیں روکا جا سکتا کہ اس کے خلاف محکمانہ سزا موجود ہے کیونکہ سروس ریکارڈ کی جانچ پڑتال ڈی پی سی کے وقت کی جاتی ہے متاثرہ ملازمین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے نام بھی پروموشن لسٹ میں ڈالنے کی اپیل کی ہے ۔

مزید : علاقائی