بلدیاتی نمائندوں کو اربوں روپے کے فنڈز فراہم کر دیے :عنایت اللہ

بلدیاتی نمائندوں کو اربوں روپے کے فنڈز فراہم کر دیے :عنایت اللہ

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئروزیربرائے بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام کے لئے اختیارات کی حقیقی معنوں میں منتقلی کے ویژن کو عملی جامہ پہنا کراس ضمن میں اربوں روپے کے فنڈز بلدیاتی اداروں کے لئے مختص کر دئیے ہیں جونو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو منتقل بھی کر دئیے گئے ہیں جو ہرگزلیبس نہیں ہوں گے اور وہ بلا جھجھک عوامی فلاح و بہبود کے مسائل اورترقیاتی کام مکمل کر کے جون تک خرچ کئے جا سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج قیوم سٹیڈیم پشاور میں بلدیاتی نمائندوں کے کنونیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، سینٹرسراج الحق ،صوبائی وزراء ،اراکین صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری اور صوبہ بھر کے بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ انسان کا بنایا ہوا قانون و نظام ارتقائی عمل سے گزرتا ہے اس میں خوبیاں اور خامیاں ہو سکتی ہیںیہ آسمانی صحیفہ نہیں ہوتے۔ اس میں کمیاں اور نقائص دور کرنے کے لئے اصلاحات بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک متفقہ نظام ہے جو عوام کے لئے بارآورثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کوشش کر کے عوامی فلاح و بہبود کے لئے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا ہے جوصوبے کے عوام کے لئے ایک منفرد اور تاریخی نظام ثابت ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ بااختیار عوامی نمائندے صوبے کے عوام کے دیرینہ مسائل اور مشکلات کا ازالہ کرکے صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔صوبائی وزیر نے عظیم الشان بلدیاتی کنونیشن کے انعقاد پر خوشی اور مسرت کا اظہارکیا اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کومبارکباددیتے ہوئے ان پر زوردیاکہ وہ تمام محکموں سے وابستہ عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنا فعال کردار اداکریں اوراس نظام کوکامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں۔

مزید : پشاورصفحہ اول