راہداری منصوبہ خطے میں اقتصادی پائیداری کا پیش خیمہ ہوگا،ریاض خان

راہداری منصوبہ خطے میں اقتصادی پائیداری کا پیش خیمہ ہوگا،ریاض خان

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں مثبت تبدیلی کا سبب ہو گا جو کہ خطے میں پائیداری کا ضامن ہے ان خیالات کا اظہار سابق سیکرٹری خارجہ ریاض ایم خان نے ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’’چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ، اقتصادی جغرافیائی اقدامات ‘‘ کے موضوع پر لیکچر کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا اگر سیکورٹی کی صورتحال ابتر نہ ہوئی۔ خطے میں امن کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے سیکورٹی کے داخلی حالات بہتربنائے۔ راہداری منصوبہ پاکستان کو چائنہ سے معاشی مربوط کرانے کی مثبت سوچ کا آئنہ دار ہے۔ یہ منصوبہ عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا ایک اہم جزو جس کی اقتصادی مقاصد ہیں جو کہ ایک شاہراہ ایک راہ سے ماخوذ ہے (One Belt One Road)۔ یہ منصوبہ ایک وسیع البنیاد عمل کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کو سمجھنے کے لئے چار بنیادی سوال پیش نظر رکھنا ضروری ہیں۔ چائنہ کا مطمہء نظر : درپیش مسائل و دائر اکار پاکستان چائنہ اقتصادی تعاون اور حد بندیاں اور ماضی سے حاصل کردہ سبق شامل ہیں۔ ریاض ایم خان نے کہا پاکستان اقتصادی ، توانائی کی ترقی اور سول جوہری تعاون میں چین پر انحصار کر رہا ہے جو کہ مناسب اور دیر پا اقدام ہے۔ چائنہ کے مطابق 46 ارب ڈالر ایک بڑی سرمایہ کاری ہے ۔ پاکستان کے لئے ضروری ہے کہ اس منصوبہ کے ثمرات آئندہ دس برسوں تک ممکن بنانے میں فعال اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت چائنہ کوپاکستان کی طرف سے دو اہم شعبہ میں تحفضات ہیں جس میں سیکورٹی کی فراہمی اور منصوبہ جات کے قابل عمل صورت شامل ہیں۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی بورڈ کے چیئر میں ایمبیسڈر (ر) شفقت کاکا خیل نے بھی اس منصوبہ کے سفارتی پہلوؤں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اسے ترقی کی چابی قرار دیا۔اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ذوالفقار گردیزی نے کہا کہ حکومت کے ویژن 2025 کی ترجیحات میں شامل اقتصادی راہداری بھی ہے جو کہ خطے میں پائیدار ترقی کی طرف اہم سنگِ میل ہو گا۔ایس ڈی پی آئی کے شکیل رامے نے کہا کہ ایسے منصوبہ جات کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ سیاسی مفاہمت پیدا کی جائے تاکہ اس میں درپیش مشکلات کو حل کیا جا سکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر