حکومت 2018ء تک توانائی بحران پر قابو پا لے گی،تنویر اسلم
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیر ہاؤسنگ، تعمیرات و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب ملک تنویر اسلم سیتھی نے کہا ہے کہ حکومت 2018ء تک توانائی بحران پر قابو پا لے گی اور عوام الناس کی زندگیوں سے اندھیروں کے خاتمے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت نے توانائی کے لاتعداد پراجیکٹ شروع کر رکھے ہیں جن کی تکمیل سے توانائی بحران کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے موضع بولہ شریف میں واٹر سپلائی، موضع بولہ کی سڑک کی ازسرنو اور پختہ گلیوں کی تعمیر کے لئے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کو مڈل تک اپ گریڈ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کلرکہار کے موضع بولہ شریف میں ایک عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس عوامی جلسے میں مقامی یونین کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کارکنوں، پارٹی ورکروں کے علاوہ عوام الناس کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جب صوبائی وزیر جلسہ گاہ پہنچے تو اُن کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ضلع چکوال میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے لاتعداد پراجیکٹ شروع کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اُن کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے محکمہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیہی روڈز پروگرام کے تحت کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی تعمیر، کلرکہار میں ٹراما سنٹر کا قیام، اسی طرح ذہین اور مستحق طلباء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اور انڈولمنٹ فنڈ کا قیام، دانش سکول اور اسی طرح کے لاتعداد عوامی فلاح و بہبود کے پراجیکٹس کا صوبہ بھر میں جال بچھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر کلرکہار مکمل ہو چکا ہے، مشینری و آلات بھی لائے جا چکے ہیں اور اُس کو آپریشنل کرنے کے لئے قابل اور لائق ڈاکٹروں کو تعینات کیا جا رہا ہے اور جلد ہی ٹراما سنٹر کام شروع کر دے گا جس سے مریضوں کو جدید طبی سہولتیں میسر آئیں گی، بعدازاں اس میں 40 بستروں کا مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے شرکا کو باور کروایا کہ ترقی یافتہ بننے کے لئے سوچ کی تبدیلی نہایت ہی ضروری ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اجتماعی اہمیت کے حامل میگا ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لینڈ کمپیوٹرائزیشن سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے جس سے زمینداروں اور کسانوں کو ماضی کے فرسودہ نظام سے نجات مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے معذور افراد کے لئے خدمت کارڈ کا اجراء کیا ہے جس سے معذور افراد کو مالی آسودگی حاصل ہو گی۔