قائم مقام صدر میاں رضا ربانی کی شبقدر میں دھماکے کی پرزور مذمت

قائم مقام صدر میاں رضا ربانی کی شبقدر میں دھماکے کی پرزور مذمت

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قائم مقام صدر میاں رضا ربانی نے شبقدر، چارسدہ میں دھماکہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں قائم مقام صدر نے کہا کہ دہشت گرد اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف حکومت اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ میاں رضا ربانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قائم مقام صدر نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکنہ بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے تک ملک بھر میں جاری رہیں گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول