لیسکو کابجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری
لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)کے زیرِانتظام تمام سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایات کے مطابق مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کر دی گئیں اور درجنوں بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔ لیسکوکے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف شکنجہ کس دیاہے بجلی چوری جرم ہے اور بجلی چور قوم کے مجرم ہیں جن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ بجلی چور خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس کے خلاف بلا خوف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دریں ازاں لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کی سربراہی میں سسٹم میں مزید بہتری کے پیشِ نظر 132kv اولڈ کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن پر 11Kvکپیسٹر نصب کر دئیے گئے ہیں جن کے باعث نہ صرف وولٹیج بہتر ہو سکے گی بلکہ اس کے نتیجے میں پاور فیکٹرکو بھی مظبوط کیا جا سکے گا۔