چیئرمین نیب کا خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی شکایت کی جانچ کا حکم

چیئرمین نیب کا خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کی شکایت کی جانچ کا حکم

اسلام آباد(آئی این پی،آن لائن )قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔نیب منی لاندڑنگ کے الزامات پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کا موقف معلوم کرے گا،نیب کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزامات پر مبنی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو کہ حتمی نہیں ۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے قانون کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا اس کے بعد ہی قانون کے مطابق حتمی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے آغازکے فیصلے کا تحریک انصاف کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ میں کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھایاں تقسیم کیں۔اس حوالے سے تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری عثمان ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قوم کی نظریں عدلیہ کے بعد نیب کی طرف لگی ہوئیں ہیں۔پہلے دن سے یقین تھا کہ خواجہ آصف نے منی لانڈرنگ کی ہے۔

مزید : صفحہ اول