پنجاب پولیس کے ایس ایچ اوز کرائے کے قاتل بن چکے ہیں،خرم نواز گنڈا پور

پنجاب پولیس کے ایس ایچ اوز کرائے کے قاتل بن چکے ہیں،خرم نواز گنڈا پور

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے بعض ایس ایچ اوز کرائے کے قاتل بن چکے اور مختلف خاندانی جھگڑوں میں شامل ہو کر بھاری معاوضے کے عوض جعلی پولیس مقابلے کرتے ہیں ، آئی جی پنجاب بھی حکومتی پشت پناہی والے طاقتور ایس ایچ اوز کے سامنے بے بس ہیں، لاء اینڈ آرڈر کے نام پر جعلی پولیس مقابلوں کی سرپرستی کرنا حکومت کی سرکاری پالیسی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ اور لاہور سے آئے ہوئے سول سوسائٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے گزشتہ دس سال میں جتنا ظلم کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہمارے کارکنوں نے بھی پولیس کا ظلم سہا اور پولیس نے ان کا قتل عام کیا۔ ہم بیوہ نصرت ایوب کی بھی آواز بنیں گے اور انہیں انصاف دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے ملوث ہونے کی وجہ سے بے بس ہیں تو شیخوپورہ میں بیوہ نصرت کے خاندان کو برباد کرنے والے شیخوپورہ کے ایس ایچ او رانا عظیم کے معاملے میں بے بس اور لاچار کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم بھی چیف جسٹس سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ بیوہ نصرت ایوب کی آواز سنیں اور انہیں انصاف دیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1