امیگریشن مسئلہ پر ٹرمپ انتظامیہ کی مقامی حکومتوں سے جنگ میں تیزی

امیگریشن مسئلہ پر ٹرمپ انتظامیہ کی مقامی حکومتوں سے جنگ میں تیزی

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) ٹرمپ انتظامیہ نے کیلی فورنیا ریاست کی مقامی حکومت کیخلاف مقدمہ دائر کردیا ۔ وفاقی محکمہ انصاف نے یہ مقدمہ کیلی فورنیا کے گورنر جیری براؤن اور اٹارنی جنرل زیویئر بسیرا کیخلاف ریاستی دارالحکومت سیکری منٹو کی وفاقی عدالت میں درج کرایا ہے جس میں ریاستی حکومت پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ وفاقی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو پناہ گاہیں فراہم کر رہی ہے۔ اس طرح وائٹ ہاؤس نے ایک مرتبہ پھر مقامی حکومتوں کیساتھ امیگریشن کے مسئلے پر جنگ تیز کردی ہے۔ کیلی فورنیا کی ریاست میں خاص طور پر میکسیکو کی مشترکہ سرحد کے راستے ہسپانوی تارکین وطن غیر قانونی ذرائع سے داخل ہوتے ہیں۔ یہ تارکین وطن کم معاوضے پر کام کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں اس طرح ریاست کو کم اجرت کی لیبر میسر آجاتی ہے جو اس کی معیشت کیلئے بہت اہم ہے۔ دراصل کیلیفورنیا کی ریاست نے اکتوبر میں دو قوانین منظور کئے تھے جن کے ذریعے قانون نافذ کرنیوالے مقامی اداروں پر وفاقی امیگریشن ا یجنٹو ں کو غیر قانونی افراد کی اطلاعات فراہم کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت نے اپنے مقدمے میں وفاقی جج سے مطالبہ کیا ہے کہ ا میگر یشن کے حوالے سے ریاستی قوانین کو منسوخ کردیا جائے۔

جنگ تیزی

مزید : علاقائی