پاک فوج نے پوری دنیا کے امن کیلئے جنگ لڑی ، رفیق رجوانہ
لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ پاک فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس نے محض اپنی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے جنگ لڑی ہے ، یہی ہمارے عالمگیر دین کا درس ہے اور اسلا م کا خاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی میڈیا میں پاکستان کے بارے میں جو تصویر کشی کی جا رہی ہے اس میں رتی بھر بھی صداقت نہیں ہے۔ آپ گذشتہ کچھ دنوں سے پاکستان موجود ہیں آپ خود پاکستان کے بارے میں اپنے خوشگوار تجربات کو اپنے ہم وطنوں سے شئیر کریں اور انہیں بتائیں کہ پاکستان کے عوام امن کے داعی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں الائیڈ آفیسر آف ان لینڈ سٹڈی کے 73رکنی وفد کے افسران سے خطاب کے دوران کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے ہزاروں فوجی جوان اور عوام نے جام شہادت نوش کیا بلکہ اس محاذ سے ہماری معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے تاہم ہم نے اپنی مال وجان کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کے تحفظ اور ہر رنگ و نسل سے تعلق ر کھنے والے افراد کی حفاظت کے لئے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب آپریشن " ضرب عضب اور ردالفساد"کے بعد اب ملک میں امن کی فضا قائم ہوئی ہے اور یہ یقیناًہماری سیاسی و عسکری قیادت کا بڑا کارنامہ ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری قوم انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعز م ہے اور ہر قسم کی قربانی کے لیے تیارہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان میں امن کا بول بالا ہوا ہے جس کے معاشی سرگرمیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے کارآمد منصوبہ ہے جس سے خطے کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا ۔ گورنر نے کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر اور اعزاز ہے اس وقت سول اور عسکری قیاد ت ایک پیج پر ہے اور آ ج کا محفوظ اور خوشحال پاکستان ،سیاسی بصیرت اور عسکری ہمت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے مختلف ملکوں سے آئے ہوئے الائیڈفوجی افسران کے سوالات کے تفصیلا جوابات بھی دیے۔ افسران کا تعلق ایران،ملائشیا،سری لنکا،نیپال،ساؤتھ کوریا،یوکے، چائنا،زمباوے اور جرمنی و دیگرممالک سے ہے۔