پنجاب بھر کے گریڈ 18 کے 94 میل اساتذہ کی گریڈ 19 میں ترقی

پنجاب بھر کے گریڈ 18 کے 94 میل اساتذہ کی گریڈ 19 میں ترقی

لاہور(حافظ عمران انور)حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے گریڈ 18 کے جنرل کیڈر کے 94 میل اساتذہ کو گریڈ 19 میں ترقی دے دی جنرل کیڈر فی میل کی 154 اساتذہ کو بھی گریڈ 19 میں ترقی دے دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سکولوں میں عرصہ دراز سے ترقی کے منتظر گریڈ 18کے میل اور فی میل اساتذہ کو ترقی دے کر انہیں گریڈ 19میں ترقی دے دی گئی ہے اس حوالے سے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی ترقیو ں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔ گریڈ 18سے گریڈ 19میں ترقی پانے والے اساتذہ میں لاہور،قصور،سرگودہا،ملتان ،ڈیرہ غازی خان،وہاڑی، لیہ ،سیالکوٹ،راجن پور، سمیت پنجاب کے 27 اضلاع کے میل اور فی میل کیڈر کے اساتذہ شامل ہیں جن کو اگلے گریڈز میں ترقیاں دی گئی ہیں واضح رہے گریڈ 18سے 19میں دی جانے والی یہ ترقیاں یکم جنوری 2018 کو ہونے والے صوبائی سلیکشن بورڈ کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات پر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے یکم فروری 2018 کو ترقیوں کی حتمی منظوری دی تھی جس کے بعد گزشتہ روز محکمہ تعلیم نے جنرل کیڈر میل اور فی میل کی ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں .مذکورہ ترقی پانے والے میل اور فی میل اساتذہ کو مختلف اضلاع میں قائم ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ہیڈ ماسٹر اور پرنسپل کی خالی سیٹوں پر تعینات بھی کر دیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن کی طرف سے جاری مراسلے میں ترقی پانے والے اساتذہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر محکمہ کی طرف سے متعین کئے گئے سکولوں میں پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز ہیڈ مسٹریس کا چارج سنبھالیں ۔یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ اس وقت بھی پنجاب کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز ،ہیڈ مسٹریس اور پرنسپلز کی ہزاروں سیٹیں خالی ہیں جس سے سکولوں کے انتظامی امور شدید متاثر ہوو رہے تھے اور اب ان ترقی پانے والے اساتذہ کی بطور سکول سربراہان تعیناتی سے کسی حد تک سکولوں میں انتظامی امور کو چلانے میں مدد ملے گی ۔

مزید : صفحہ آخر