گناہ گار ثابت کئے بغیر نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری والی تصویر کیوں جاری کی؟ لاہور ہائیکورٹ

گناہ گار ثابت کئے بغیر نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری والی تصویر کیوں جاری کی؟ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوارن ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے گناہ گارثابت کئے بغیر نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری کی تصویر کیوں جاری کی گئی؟احد چیمہ کی حمایت میں ماضی کی روایات سے ہٹ کر بیوروکریسی نے احتجاج کیوں کیا؟جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، احد چیمہ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نیب نے الزامات کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا، نیب نے شوکاز نوٹس دئیے بغیر احد چیمہ کو گرفتار کیا، نیب نے قابل افسر کو گرفتار کرتے ہی کردار کشی شروع کر دی اور گرفتاری کی سرکاری تصویر جاری کی،نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتارکیا گیا،احد چیمہ کے خلاف نیب کو شکایات وصول ہوئیں اس کے بعد انکوائری کی گی، سابق ڈی جی ایل ڈی اے کو ذاتی حیثیت سے کئی بار طلب کیا، نیب آفس میں جواب داخل نہ کروانے اور پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا،احد چیمہ کواحتساب عدالت نے دو مرتبہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے ،درخواست مسترد کی جائے،عدالت نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ گناہگارثابت کئے بغیر نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری کی تصویر کیوں جاری کی گئی؟ اگر احد چیمہ بے گناہ ثابت ہو گیا تو اس کی شہرت کو پہنچنے والے نقصان کا کون ذمہ ہو گا؟ عدالت نے کہا کہ آگاہ کیا جائے کہ احد چیمہ کی حمایت میں ماضی کی روایات سے ہٹ کر بیوروکریسی نے احتجاج کیوں کیا؟عدالت نے فریقین کے وکلاء کو مزید دلائل کے لئے طلب کرتے ہوئے 26مارچ تک سماعت ملتوی کر دی۔
احد چیمہ

مزید :

علاقائی -