سندھ اسمبلی : وزراء کی عدم موجودگی پر شہلا رضا کا اظہار برہمی

سندھ اسمبلی : وزراء کی عدم موجودگی پر شہلا رضا کا اظہار برہمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں بدھ کو وزراء کی عدم موجودگی پر قائم مقام اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ وزراء کی عدم موجودگی کی وجہ سے چار ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹس کا حکومت کی طرف سے جواب نہیں دیا جا سکا ۔ یہ توجہ دلاؤ نوٹس محکمہ داخلہ ، محکمہ نوادرات اور محکمہ بلدیات سے متعلق تھے ۔ وزیر داخلہ سہیل انور سیال ، وزیر ثقافت اور نوادرات سید سردار علی شاہ اور وزیر بلدیات جام خان شورو اسمبلی میں موجود نہیں تھے ۔ قائم مقام اسپیکر نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ وزراء اور ارکان اسمبلی میں نہیں آتے ۔ اگر یہی طریقہ کار رہا تو ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی جائے گی ۔ ایوان کو مذاق نہ سمجھا جائے ۔ اس طرح ایوان نہیں چل سکتا ہے ۔ اگر جمعرات کو کورم پورا نہ ہوا تو اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا ۔ توجہ دلاؤ نوٹس کے وقفہ کے دوران 5 توجہ دلاؤ نوٹس وزراء کی عدم موجودگی کے باعث موخر کر دئیے گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن سید امیر حیدر شاہ شیرازی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال مکلی میں ڈاکٹرز موجود رہتے ہیں اور وہاں صورت حال پہلے سے بہتر ہے