صوابی میں الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیاں مسترد

صوابی میں الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیاں مسترد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


صوابی ( بیورورپورٹ )جے یو آئی ف کے مرکزی نائب امیر و سابق صوبائی وزیرتعلیم مولانا فضل علی حقانی نے الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع صوابی میں موجودہ مردم شماری میں آبادی بڑھنے کے تناسب سے ایک حلقہ زیادہ کرنا چاہیے تھا لیکن الیکشن کمیشن کی طرف سے صوابی کے حلقوں میں کمی کرکے چھ سے پانچ کردئیے جوکہ صوابی کے عوام سے سراسر زیادتی و ناانصافی ہے ، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حلقوں میں شمالی علاقوں کو جنوبی حلقوں میں شامل کیا ہے جبکہ مشرقی علاقوں کو مغربی حلقوں میں شامل کیا گیا ہے جس سے بہت سی پیچدگیاں اور مشکلات پیدا ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں آبادی بڑھنے کے باوجود الیکشن کمیشن کی طرف سے صوابی میں ایک حلقہ کو کم کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ،الیکشن کمیشن کو چاہیے تھا کہ صوابی میں آبادی کے تناسب سے حلقوں میں مزید اضافہ کیا جاتا ،انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان حلقہ بندیوں کے حکم نامے کو فی الفور واپس لیا جائے اور ازسرنو تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نئی حلقہ بندیاں تشکیل دی جائیں ورنہ جے یو آئی ف صوابی کے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر اس کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔