تمام زونز میں ٹیوب ویلوں کی ضروری مرمت کئے گئے ہیں ،شوکت یوسفزئی

تمام زونز میں ٹیوب ویلوں کی ضروری مرمت کئے گئے ہیں ،شوکت یوسفزئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرپشاور میگا پراجیکٹس کے فوکل پر سن شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور کے تمام زونز میں ٹیوب ویلوں کی فوری مرمت کے انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی جگہ ٹیوب ویل کی خرابی کی شکایت ملتے ہی ٹھیکیدار کو مطلع کر دیا جاتا ہے اور ٹیوب ویل کی 24 گھنٹوں کے اندر بڑی سے بڑی خرابی کی درستگی ومرمت یقینی بنا دی جاتی ہے ۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ، ٹاؤن اور نیبر ہوڈ کونسلز کے ارکان و ممبران کو تاکید کی ہے کہ اس ضمن میں شہریوں کی بھر پور رہنمائی کریں تاکہ وہ اس سہولت سے بروقت مستفید ہو سکیں۔ وہ پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق رکن گل بادشاہ کی زیر قیادت پشاور شہر کے بلدیاتی نمائندوں کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اُن سے ملاقات کی اور شہریوں کو بعض درپیش مسائل و مطالبات سے اُنہیں آگاہ کیا۔ وفد میں ٹاؤن ممبر عثمان خان اور نیبر ہوڈ کونسلز شاہین مسلم ٹاؤن کے صدر فدا محمد خان بھی شامل تھے ۔شوکت علی یوسفزئی نے وفد کو بتایا کہ اندرون شہر صفائی اور آبنوشی کی سہولیات میں اضافے کیلئے جامع پلان بنایا گیا ہے۔ پشاور میں زمینی پانی کی سطح مسلسل گرنے کے پیش نظر آئندہ شہر میں نئے ٹیوب ویل قائم کرنے کی بجائے سپیرہ ڈیم باڑہ اور منڈا ڈیم سے بڑے گریوٹی پائپ لائنوں کے ذریعے پشاور پینے کا صاف پانی پہنچانے کا انتظام کیا جارہا ہے ۔اسی طرح پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ شہر میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شہریوں کیلئے عظیم تحفہ ثابت ہو گا جسے اگلے دو ماہ میں مکمل کیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ وزیراعلیٰ اپریل کے آخری ہفتے میں اس کا باضابطہ افتتاح کردیں گے ۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ شہری مسائل کے حل میں صوبائی حکومت سے بھر پور تعاون کریں ۔