کوہاٹ ،ڈی پی او کا تھانہ کے ڈی اے کا اچانک دورہ

کوہاٹ ،ڈی پی او کا تھانہ کے ڈی اے کا اچانک دورہ

کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے رات کے وقت تھانہ کے ڈی اے کا اچانک دورہ کیا ہے۔زیر تربیت اے ایس پی ناصر محمود کے ہمراہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب گشت کے دوران ضلعی پولیس سربراہ اچانک تھانہ کے ڈی اے پہنچے جہاں انہوں نے تھانے کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا ۔دورے کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے کے روزنامچے،حوالات ،دفاتر ،اسلحہ کوت،مالخانے ، طعام خانے اور رہائشی بیرکوں کی صفائی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ضلعی پولیس سربراہ نے ریکارڈ کی چیکنگ کے دوران تھانے کے مختلف رجسٹروں میں اندراجات چیک کرتے ہوئے متعلقہ پولیس عملے کو تمام ریکارڈ باقاعدہ طور پر مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے تھانے کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حفاظتی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو جامع حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنانے کی تاکید کی۔دورے کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے تھانے کے ایس ایچ او اور انوسٹی گیشن افسر سمیت انتظامی اور تفتیشی سٹاف سے انفرادی طور پر سائلین کی درخواستوں اور درج مقدمات میں ہونیوالی پیش رفت کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے ہوئے انہیں عوامی خدمت کیلئے اپنے فرائض نہایت جانفشانی سے انجام دینے کی تلقین کی ۔اس موقع پرضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے زیر تربیت اے ایس پی ناصر محمود کی پیشہ ورانہ امور میں رہنمائی کرتے ہوئے دورے کے تمام احوال تھانے میں رکھے گئے مخصوص رجسٹر میں قلمبند کئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر