عوام کرپشن کے خاتمے میں محکمہ اینٹی کرپشن کی مدد کریں:ڈائریکٹر عارف رحیم

عوام کرپشن کے خاتمے میں محکمہ اینٹی کرپشن کی مدد کریں:ڈائریکٹر عارف رحیم

حسن ابدال(نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم کی حسن ابدال میں کھلی کچہری! عوام نے شکایات کے انبھار لگا دیے۔محکمہ مال اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شکایات پر انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے عوام سے کرپشن کے خاتمے میں مدد مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم کی جانب سے جناح ہال حسن ابدال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر جنت حسین نیکوکارہ اور چیئرمین ظہیر احمد بھٹیانوالہ سمیت تمام محکموں کے افسران اور نمائندہ شخصیات موجود تھیں۔کھلی کچہری میں شکایت کرتے ہوئے کونسلر یاسر دلاور جدون نے کہا کہ کچھ قبضہ مافیہ محلہ ڈھوک مسکین میں واقع قبرستان کو مسمار کر کے قبضہ کر نے میں کوشاں ہے جس کو روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں جس پر انہوں نے ایکشن لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کیے۔نعیم اختر ساکن حصار نے بتایا کہ محکمہ مال کی ملی بھگت سے کاغذات میں ٹمپرنگ کرتے ہوئے اس کی آبائی زمین کو با اثر شخصیات کے نام کردیا گیا ہے جس پر عدالتی فیصلہ بھی ہمارے حق میں آ چکا ہے مگر مقامی چیئرمین چوہدری خضر کی جانب سے نہ صرف اس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو نے دیا جا رہا بلکہ میرے اوپر جھوٹے مقدمات درج کروا کر مجھے دباو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عارف رحیم نے شکایت پر اے سی حسن ابدال کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس کیس کو خود دیکھتے ہوئے عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔چوہدری خرم نے شکایت کی کہ کے پی کے سے مرغی کی فضلیات کو کھلی گاڑیوں میں یہاں لایا جا تا ہے جو نہ صرف عوام کی صحت کے لیے مضر ہے بلکہ اس سے سڑک کے قریب رہنے والوں کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں۔انہوں نے رکشوں اور سوزوکیوں میں اوور لوڈنگ کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے مقامی ٹریفک پولیس اور دیگر حکام کو متعدد بار شکایا ت کی جا چکی ہیں مگر کوئی عمل درآمد نہیں کیا جا رہا جس پرٹریفک پولیس کو ایکشن لینے اور اوور لوڈنگ گاڑیوں کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔محلہ سیداں میں قائم جنازہ گاہ کے حوالے سے شکایت کی گئی کہ یہ جنازہ گاہ شہیدوں اور غازیوں کی قبریں مسمار کر کے قائم کیا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔شہریوں کی جانب سے تھانہ روڈ پر قائم واٹر سپلائی سکیم کے حوالے سے شکایت کی گئی کہ متعلقہ واٹر سپلائی سکیم پر 2012ء میں لاکھوں روپے محکمہ پبلک ہیلتھ ورکس کی جانب سے خرچ کیے گئے مگر اس سکیم میں خرد برد کے باعث آج تک یہ سکیم چلائی نہیں جا سکی جس سے نہ صرف عوام کا پیسہ ضائع ہو رہا ہے بلکہ عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کے افسران کی جانب سے بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کو جوازبتایا گیا جسے وہاں موجود لوگوں نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو سکیم آج تک چلائی ہی نہیں جا سکی اس کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا جا رہا ہے جس پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عارف رحیم نے فوری انکوائری کروانے کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ اگر اس سکیم میں کوئی محکمانہ نا اہلی یا خرد برد پائی گئی تو اس پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کونسلر سعید اختر نے واٹر سپلائی سکیم کے حوالے سے شکایت کی کہ محکمہ پبلک ہیلتھ ورکس کی جانب سے شہر کی مین واٹر سپلائی کے قریب بغیر کسی منصوبہ بندی کے سوئمنگ پول کے نام پر ایک پانی کا حوض بنا دیا گیا ہے جو نہ صرف شہریوں کے گذرنے میں مشکلات کا باعث بن رہا ہے بلکہ اس سے گندہ پانی واٹر سپلائی کے ذریعے لوگوں کے گھرو ں تک جا رہا ہے جس سے شہری گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کے حوالے سے شکایات کی گئیں کہ وہاں عوام کو صحت کی سہولیات میسر کرنے کے بجائے ذلیل کیا جا رہا ہے ۔کچھ روز قبل ہسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے نا روا رویہ کے باعث ایک خاتون نے بچے کو باہر ہال میں جنم دے دیا مگر ہسپتال کے عملے کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کے نمائندے نے بتایا کہ اس حوالے سے انکوائری کی جا رہی ہے اور حتمی رپورٹ آنے پر اس میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔محلہ شہید آباد کی خواتین نے شکایت لگائی کہ محلہ کی ایک خاتون کی جانب سے متعدد خواتین سے فراڈ کے ذریعے رقوم لی گئیں ہیں مگر اب واپس نہیں کی جا رہیں اور نہ ہی مقامی پولیس اس حوالے سے کوئی تعاون کر رہی ہے جس پر پولیس کے نمائندے کو ان کی داد رسی کے احکامات جاری کیے گئے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عارف رحیم نے کہا کہ عوام کرپشن کے خلاف ہمارا ساتھ دیں تا کہ اس کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کسی بھی افسر یا اہلکار کی جانب سے جائز کام کے لیے رشوت طلب کرے پر ہمارے ساتھ رابطہ کرے ہم انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے انہیں قرا ر واقعی سزا دلوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی کھلی کچہریاں متواتر لگائی جائیں گی تا کہ عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر مہیا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شکایات سیل پر فون نمبر 0312-5659603یا 051-9271961پر رابطہ کیا جا سکتا ہے جس پر محکمہ فوری ایکشن لے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر